ہوناور: شراوتی ندی کنارے طغیانی سے متاثرہ افراد راحت مراکز کی طرف منتقل
ہوناور ،3 / اگست (ایس او نیوز) گیرسوپّا ڈیم سے قریب 55 ہزار کیوسیک پانی شراوتی ندی میں چھوڑنے کے نتیجہ میں جو طغیانی آئی ہے اور مختلف علاقوں میں پانی گھس گیا ہے ، اس سے متاثرہ افراد اب راحت مراکز کی طرف منتقل ہوئے ہیں۔
اطلاع کے مطابق گیرو سوپّا تعلقہ کے کئی گاوں، اُپّونی گرام کے گابت کیری، سڈلگی، کدرگی، ماگوڈ سمسی جیسے علاقوں میں پانی بھر گیا ہے ۔ سُپاری کے باغات میں بھرا ہوا پانی گھروں کے اندر گھسنے کا خدشہ ہے ۔ کُھروا ۔ماوین کُروا، ہڈین بیل، جلولّی، ماگوڈ کیلگنا ایڈگونجی سمیت ندی کنارے واقع نشیبی علاقوں میں بسنے والے لوگ خوف اور تشویش میں مبتلا ہیں۔
اسی پس منطر میں ندی کے کنارے آباد اکثر لوگوں کو سرکاری اہلکار اور افسران کشتیوں کی مدد سے راحت مرکزوں اور محفوظ مقامات کی طرف بھیجنے لگے ہیں۔