یوم جمہوریت کے موقع پر بنائی گئی انسانی زنجیر ورلڈ ریکارڈ بک میں ہوئی شامل
بینگلورو ، 23 / ستمبر (ایس او نیوز) یوم جمہوریت کے موقع پر وزیر اعلیٰ سدا رامیا کی قیادت والی حکومت نے بیدر سے چامراج نگر تک ریاست گیر پیمانے پر انسانی زنجیر بنانے کا جو منصوبہ بنایا تھا، وہ کامیابی سے ہمکنار ہوا اور اس تاریخی انسانی زنجیر کا تذکرہ لندن کے ورلڈ بک آف ریکارڈس میں شامل کیا گیا ۔
آئینی حقوق اور مقاصد کے تحفظ اور جمہوریت کو فروغ دینے کے مقصد سے 15 ستمبر کو یوم جمہوریت کے حوالے سے کرناٹکا میں بنائی گئی طویل ترین انسانی زنجیر کو پورے دیش میں سراہا گیا ۔ اس 2500 کلو میٹر لمبی انسانی زنجیر میں 25 لاکھ سے زیادہ افراد نے حصہ لیا جس سے پوری دنیا میں یہ ایک ریکارڈ بن گیا ۔
اطلاعات کے مطابق انسانی زنجیر کے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ سوشیل ویلفیئر کی قیادت میں محکمہ دیہی ترقی و پنچایت راج، محکمہ تعلیمات سمیت جملہ 8 محکمہ جات نے انتظامی ذمہ داریاں نبھائی تھیں ۔ دیگر 25 محکمہ جات دوسرے مختلف معاملات میں اپنا کردار ادا کیا تھا ۔
عالمی ریکارڈ بنانے والی انسانی زنجیر کی کامیابی کا تذکرہ شامل کرتے ہوئے ورلڈ بک آف ریکارڈس کی طرف سے کرناٹکا میں موجود نمائندہ شئیلجا نے ریاستی ریاستی وزیر اعلیٰ کو پرویژنل سرٹفکیٹ سے نوازا ہے ۔
خیال رہے کہ ریاست کے جملہ 31 اضلاع میں انسانی زنجیر بنانے کے پروگرام میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ضلع کے طور پر ضلع گدگ کا نام آیا ہے جہاں 2,18,891 افراد نے انسانی زنجیر میں شرکت کی جبکہ اڈپی ضلع میں 234 کلو میٹر لمبی زنجیر بنائی گئی جو سب سے طویل زنجیر قرار پائی ۔