بریلی میں مسجد کی تعمیر پر پابندی، کام عارضی طور پر روک دیا گیا
بریلی، یکم اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بریلی کے کیلا ڈانڈی گاؤں میں ایک زیر تعمیر مسجد کے خلاف بی جے پی کے مقامی رکن اسمبلی ایم پی آریہ کے اعتراض اور مقامی افراد کی شرانگیزی کے بعد انتظامیہ نے جمعہ کی رات کام رُکوا دیا۔ مظاہرین جن میں بڑی تعداد مقامی افراد کی ہے، کے اس الزام کے بعد کہ اعتراض کے باوجود مسجد کی تعمیر مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت سے کی جارہی ہے، ایک بار پہلے بھی کام روک دیا گیا تھا جسے جمعہ کو جب دوبارہ شروع کیا گیا مگر بھگوا عناصر نے پھر احتجاج اور نعرہ بازی شروع کردی۔ اس دوران کچھ شر پسندوں نے مسجد کی ایک زیر تعمیر دیوار کو گرا بھی دیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (شمال) مکیش چندر مشرا کے مطابق پولیس کی مداخلت کے بعد تعمیری کا کام روک دیا گیا ہے۔ گاؤں میں حالات قابو میں اور پر امن ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی اس یقین دہانی کے بعد کہ مسجد کی تعمیر روک دی جائے گی ، ایم ایل اے اور ان کے حامیوں کی بھیڑ کو منتشر کرنے میں بھی کامیابی حاصل ہوئی۔