بھٹکل میں منعقدہ جرنلسٹ یونین پروگرام میں مشہور صحافی ششی دھر بھٹ نے کہا؛ میڈیا اقلیتوں ، دلتوں اور پسماندہ طبقات کا مخالف ہوگیا ہے
بھٹکل:2؍اگست (ایس اؤ نیوز)موجودہ دور میں میڈیا کےمیدان کوخطرات کا سامنا ہے۔ ریاست کے زیادہ تر میڈیا ہاؤس کو جنی وارپہنایاگیا ہے، آج میڈیا اقلیتوں ، دلتوں اور پسماندہ طبقات کا مخالف ہوگیا ہے، ان باتوں کا اظہار کرناٹک کے معروف سنئیر صحافی اور بالاجی میڈیا ہاؤس گروپ کے ذمہ دار ششی دھر بھٹ نے کیا۔
وہ یہاں بھٹکل میں کرناٹکا جرنلسٹ یونین اترکنڑا ضلع شاخ کی طرف سےمنعقدہ ’ہرمن موگلنگ‘ نامی ریاستی سطح کے ایوارڈسے نوازے جانےکے بعد صحافیوں اور عوام سےمخاطب تھے۔ششی دھر بھٹ نے اپنے خطاب میں موجودہ میڈیا کی فرقہ پرست ذہنیت پر روشنی ڈالتےہوئے کہا کہ میڈیا کو جنی وار پہنایا گیا ہے ۔(خیال رہےکہ جنی وار ایک دھاگے کو کہتے ہیں ، جو برہمن والے کندھے سے باندھ کر پہنتے ہیں)
انہوں نے کہاکہ آج کا میڈیا اکثریت کامخالف ہوگیا ہے۔ وہ عوام الناس کو ذات پات اور فرقہ وارانہ طور پر تقسیم کرتےہوئے ملک کو برباد کرنے کی کوشش کررہاہے۔ مزید کہا کہ میڈیا سماج کو تقسیم کرنے اور سماج میں خوف ودہشت پیدا کرنےکا کام کررہاہے، آج میڈیا تنگ نظر افراد کے ہاتھوں میں ہونے کی وجہ سے ملک کو کئی خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر رپورٹروں اورمیڈیا والوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملک کی اصل روح کو باقی رکھنے اور اس کی حفاظت کرنے کی طرف توجہ دیں، انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اس طرف صحافی حضرات توجہ نہیں دیں گے تو پھر ہرایک رپورٹر کو چاہئے کہ وہ خود اپنا احتساب کرے۔
ششی دھر بھٹ نے ملکی پس منظر میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہاکہ بھارت ایک اکثریتی ملک ہے، یہاں ہمیں کیا کھانا چاہئے ، کیا پہننا چاہئے ، یہ سب کچھ ان کے اپنے رواج پر منحصر ہے۔ جب کہ میڈیا اس کو نفرت پیدا کرنےکے لئے استعمال کررہا ہے انہوں نے اس بات پر سخت اعتراض کیا کہ کلی طورپر میڈیا فرقہ پرست ہوگیا ہے۔
بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک نے پروگرام کا افتتاح کیا ، اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کل میڈیا میں فیشن کے طورپر جڑنے والوں کی تعداد زیادہ ہے ، یہ رویہ سماج کے لئے اچھا شگون نہیں ہے، میڈیا کی اپنی ایک ذمہ داری ہے، سپریم کورٹ جج بھی میڈیا کے سامنے آتے ہیں تو سمجھ لینا چاہئےکہ میڈیا کی طاقت کتنی ہے۔ احتجاج،سوچ ،خیال کا بہتر تجزیہ کرنے کے بعد رپورٹنگ کرنا آج کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے ہمیشہ سچائی کا راستہ اختیار کرنےکی اپیل کی۔
بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیو ی نے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ میڈیا کو چاہئے کہ وہ فوری خبردینےسے زیادہ واضح خبردینےکی طرف توجہ دے۔
بھٹکل کی صنعت کار شیوانی شانتارام نے کہاکہ اخبارات کی آج بھی اپنی ایک اہمیت ہے ، انہوں نے پارٹی اور شخص کی وفاداری میں نیوز کو موقع نہ دینےکی اپیل کی۔ بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے ٹرسٹی مینجر راجیش نایک نے ایوارڈ یافتہ ششی دھر بھٹ کی شال پوشی کی۔ کرناٹکا جرنلسٹ یونین اترکنڑاضلع کے صدر من موہن نائک نے پروگرام کی صدارت کی ۔ یونین کے جنرل سکریٹری سبرامنیہ بھٹ نے استقبال کیا۔ نائب صدر دیپک کمار شنوی نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ استاد نارائن نائک اورگنگادھر نائک نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اننیا پانڈورنگا نائک نے پرارتھنا کی۔