پونے ہیلی کاپٹر حادثہ: دونوں پائلٹوں سمیت 3 افراد جاں بحق
پونے ، 2/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) پونے کے باودھن بُدرک علاقے میں آج صبح ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد کی موت واقع ہو گئی۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 6:45 بجے پیش آیا، جب ہیلی کاپٹر آکسفورڈ گالف کلب کے ہیلی پیڈ سے پرواز کے فوراً بعد زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثے کے وقت علاقے میں گھنی دھند چھائی ہوئی تھی جو ممکنہ طور پر حادثے کی ایک بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے پولیس کو خبر دی۔ ہنجواڑی پولیس اسٹیشن کے افسران اور دیگر ایمرجنسی خدمات جیسے فائر بریگیڈ اور ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو آپریشن میں چار فائر انجن اور 108 ایمرجنسی ایمبولینس نے حصہ لیا۔
مرنے والوں میں دو پائلٹ اور ایک انجینئر شامل ہیں۔ پولیس اور ایوی ایشن کے افسران ابھی حادثے کی وجوہات کی تفتیش کر رہے ہیں، لیکن فی الحال تکنیکی خرابی یا خراب موسم کو ممکنہ اسباب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب پونے میں ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا ہے۔ اس سے قبل اگست میں بھی پونے کے علاقے پاوڈ میں ایک ہیلی کاپٹر کریش ہوا تھا جس میں چار افراد زخمی ہوئے تھے۔