اُڈپی :13؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)ضلع اُڈپی کے تقریبا ً سبھی مقامات پر پچھلے کچھ دنوں سے رکی ہوئی بارش ، منگل کو موسلادھار بارش میں تبدیل ہوگئی۔ دوپہر سے شروع ہوئی بارش دیر رات کے بعداگلے دن بدھ تک جاری رہنے سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ۔
پیر کی رات اور صبح سویرے تیز رفتار بارش ہوئی تو منگل کی صبح برسی برسات کچھ دیر کے بعد رک گئی تھی اور دھوپ بھی نکل آئی تھی ۔ دوپہر ہوتے ہوتے دھوپ کے بجائے آسمان پر سیاہ بادل منڈلانے لگے اور تیز رفتار برسات شروع ہوگئی۔ موسلادھار بارش کی وجہ سےنشیبی علاقے آب دوز ہوگئے تو سڑکوں پر سواریوں کا گزرنا محال ہوگیا۔ گھنٹوں برسی بارش کی وجہ سے سڑکیں تالاب میں منتقل ہوگئیں ۔ موڈنڈمبور، بننجے ، بائیلور، مٹھد بیٹوسمیت کئی جگہوں میں پانی بھر جانے سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ پرکل، آدی اُڈپی اورملپے کےمین روڈ کے کھڈوں میں پانی جمع ہوجانے سے کئی سواریوں کو گزرنےمیں پریشانی دیکھی گئی ۔
17اکتوبر تک الرٹ:محکمہ موسمیات نے 17اکتوبر تک گرجدار بجلیوں کےساتھ زیادہ بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ بتایاگیا ہے کہ 6.4سنٹی میٹر سے زائد بار ش ہوسکتی ہے اس لئے پیشگی اقدامات کرنے کی تاکید کی ہے۔ پیر کو برسی بارش کی وجہ سے کارکلا تعلقہ کے کسبا دیہات میں اُدئیے نامی شخص کے گھر کو کافی نقصان پہنچاہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں میں اُڈپی میں 2.1،برہماور میں 2.7، کاپو میں 3.8، کنداپور میں 2.8، بیندور میں 2.7، کارکلا میں 1.3 اور ہیبری تعلقہ میں 1.8سنٹی میٹر بارش کی پیمائش کی گئی ہے۔