کمٹہ میں زبردست بارش؛ تنڈراکولی میں کئی مکانوں کے اندر پانی گھس گیا؛ مادن گیری میں نیشنل ہائی وے بلاک

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 11th June 2019, 10:04 PM | ساحلی خبریں |

کمٹہ 11/جون (ایس او نیوز)   آج منگل دوپہر سے  پورے کمٹہ میں طوفانی ہواوں کے ساتھ  زبردست بارش  شروع ہوگئی  جس کے ساتھ ہی  یہاں  گرمی کا زور ٹوٹ گیا  اور موسم میں اچانک تبدیلی واقع ہوگئی ۔ شام ہوتے ہوتے بادلوں کی گرجدار آوازوں کے ساتھ بجلی  بھی چمکنے لگی، جبکہ زوردار بارش کے نتیجے میں کئی علاقے تالاب میں تبدیل ہوگئے۔

دوپہر 12:30 بجے سے  جاری بارش کاسلسلہ رات کو بھی جاری رہا، جس سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے سے  عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔  کئی علاقوں میں راستوں میں کثیر مقدار میں پانی جمع ہوجانے سے  سواریوں کی چہل پہل بری طرح متاثر ہوئی اور عوام کو بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں مشکلات پیش آئی۔ 

بارش سے ایک طرف عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی تو وہیں عوام نے مانسون کی آمد پر  راحت کی بھی سانس لی، خیال رہے کہ  شدت کی گرمی سے کمٹہ کے کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت پائی جارہی تھی۔ بارش کی شروعات پر عوام میں  خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

 کئی مکانوں کے اندر پانی گھس گیا:  زوردار بارش کے نتیجے میں تعلقہ کے تنڈراکولی میں کئی مکانوں کے اندر پانی گھسنے کی اطلاع ملی ، اسی طرح   مادن گیری میں نیشنل ہائی وے پر پانی کو آگے بڑھنے کے لئے جب راستہ نہیں ملا تو پوری سڑک ہی تالاب میں تبدیل ہوگئی  جس کی وجہ سے   ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا۔ نیشنل ہائی وے پر کثیر مقدار میں پانی جمع ہوجانے کو لے کر عوام نے  نیشنل ہائی وے  کا تعمیراتی کام کرنے والی آئی آر بی کمپنی کے   غیر سائنٹیفک کام کو ذمہ دار ٹہرایا۔ عوام نے بتایا کہ فورلائن ہائی وے کی تعمیر کو لے کر آئی آر بی نے  اس بات کی طرف توجہ ہی نہیں دی کہ بارش ہوگی تو پانی کی نکاسی  کا کیا انتظام ہوگا۔

زوردار بارش کے نتیجے میں کمٹہ بس اسٹائنڈ کے سامنے نیشنل ہائی وے پر بھی  پانی بھاری مقدار میں جمع ہوگیا تھا، جس سے کچھ دیر کے لئے ٹریفک نظام متاثر ہوا تھا،  مگر بارش کے تھمتے ہی  پانی اُتر گیا۔  بارش کے دوران ہیگڈے کراس سڑک پر ایک بھاری بھرکم درخت گرنے سے بھی  ٹریفک نظام کچھ دیر کے لئے متاثر ہوا۔

بڈی گونی میں  ٹینکر پلٹ گیا:  موسلادھار بارش کے چلتے  کمٹہ تعلقہ کے بڈی گونی نیشنل ہائی وے پر پٹرول سے بھرا ایک ٹینکر پلٹ گیا،   یہ تو اچھا ہوا کہ ٹینکر سے پٹرول کا رساو نہیں ہوا، ورنہ  ٹینکر کے پلٹتے ہی عوام الناس میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی تھی۔   بتایا گیا ہے  کہ ٹینکر پلٹنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔

الیکٹری سٹی غائب:   دوپہر کو بارش شروع ہوتے ہی  الیکٹری سٹی غائب ہوگئی،  بتایا گیا ہے کہ طوفانی ہواوں کی وجہ سے الیکٹری سٹی  فیل ہوگئی تھی، مگر رات آٹھ بجے  محکمہ الیکٹری سٹی کی جانب سے بجلی بحال کی گئی۔

کئی راستوں پر پانی جمع ہوجانے سے   پولس نے سواریوں کو متبادل  راستوں کی طرف موڑ دیا تھا، رات نو بجے تک بارش میں کمی واقع ہوئی  تھی، البتہ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹے میں مزید بارش ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔

کمٹہ کے ساتھ ساتھ پڑوسی علاقوں  کاروار، انکولہ، ہوناور اور بھٹکل میں بھی بارش ہونے کی اطلاعات ہیں، البتہ  پڑوسی علاقوں میں  نارمل بارش ہوئی ہے، اور کہیں پر بھی زیادہ بارش ہونے سے  پانی جمع ہونے کی بھی اطلاعات نہیں ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی