اُڈپی اور جنوبی کینرا میں بھی بارش نے مچائی تباہی۔ کمپاؤنڈ کی دیواریں گرنے اورچٹان کھسکنے کی واردات۔ درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑگئے

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 6th August 2019, 6:43 PM | ساحلی خبریں | ریاستی خبریں | ان خبروں کو پڑھنا مت بھولئے |

منگلورو6/اگست (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے ساتھ ساتھ جنوبی کینرا اور اڈپی ضلع میں بھی اس مرتبہ شدید بارش نے تباہی مچارکھی ہے۔پیر کے دن شروع ہونے والی تیز بارش اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کئی مقامات پر سڑکوں، مکانوں اور عمارتوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

 منگلورو میں لگاتار بارش کی وجہ سے جیل روڈ پر ایک تجارتی کامپلیکس کے کمپاؤنڈ کی دیواراس انداز سے گر گئی کہ اس سے متصل دومکانات کے کمپاؤنڈ کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا اور اس گرنے والی دیوار کا ملبہ اور کیچڑ زیر زمین ڈرینیج سسٹم میں گھس گیا۔ منگلورو میونسپل کارپوریشن کے افسران اور عملے نے موقع پر پہنچ کر زیر زمین ڈرینیج سسٹم سے کیچڑ نکلوا کر گندے پانی کی نکاسی کی راہ ہموار کی۔اُروا علاقے میں گوری نامی خاتون کا گھر اس وقت بری طرح تباہ ہوگیا جب ایک درخت کی بہت بڑی شاخ اس کے  مکان پر گرگئی۔

 بنٹوال اور سالیتھور کے بیچ واقع کوڈتھاموگیرو میں پیر کی رات کو ہوئی بھاری برسات کی وجہ سے سڑک پر گاڑیاں چلانا ناممکن ہوگیا۔ ایک گھنٹے کے ٹریفک جام کے بعد راستہ سواریوں کی آمد و رفت کے قابل ہوا۔دھرمستھلا کے قریب مڈیال چاڈو میں چٹان کھسکنے کی وجہ سے سڑک پر کیچڑجمع ہوگیا اور دوطرفہ ٹریفک والا روڈ بہت دیر تک یک طرفہ روڈ میں تبدیل ہوگیا۔

 ٹرین پر گرا پیپل کا درخت:    اڈپی ضلع کے ہیبری میں سیتا ندی کا پانی سطح بہت زیادہ بڑھنے اور سڑک پر گزرنے کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر آمد روفت منقطع ہوگئی ہے۔اڈپی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم کے آخری سرے پرممبئی سے منگلورو کی طرف بڑھتی ہوئی نیتراوتی ٹرین نمبر 16345 پرمنگل کی صبح ساڑھے پانچ بجے ایک بہت بڑا پیپل کا درخت گرگیا۔ ٹرین میں موجود مسافروں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ درخت کوکاٹنے اور ٹریک صاف کرنے کے بعد ٹرین کو آگے روانہ کیا گیا۔اڈپی شہر میں مشن کمپاؤنڈ کے پاس ایک الیکٹرک کا کھمبا ٹوٹ کر آٹو رکشا پر گرگیا۔ اس کے علاوہ اجرکاڈ کے علاقے میں ہی برسات سے نقصانات ہونے کی خبر ہے۔

 چارمڈی گھاٹ پر ٹریفک جام:     بیلتنگڈی سے آگے چارمڈی گھاٹ کے ساتویں موڑ پرمنگل کی صبح  چٹان کھسکنے کا واقعہ پیش آیا اور بڑی مقدار میں ملبہ سڑک پر جمع ہوگیا۔ اس کے علاوہ دو بہت بڑے درخت جڑ سے اکھڑ کر سڑک پر گرگئے جس کی وجہ سے اس علاقے میں تین مقامات پر گھنٹوں موٹر گاڑیوں کی آمدو رفت بند ہوگئی۔ 2کیلو میٹر سے زیادہ فاصلے تک موٹر گاڑیوں کی قطار لگ گئی۔متعلقہ سرکاری افسران اور عملہ وقت پر نہ پہنچنے اور بروقت کارروائی نہ کرنے سے موٹر گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مسافروں نے برہمی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد ضلع انتظامیہ کے افسران حرکت میں آگئے اور تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے ملبہ اور گرے ہوئے درختوں کو سڑک سے ہٹاتے ہوئے موٹر گاڑیوں کی آمد ورفت کو بحال کردیا۔

 تعلیمی اداروں کو دی گئی چھٹی:    برسات کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے جنوبی کینرا اور اڈپی دونوں اضلاع میں ضلع انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر 7/اگست کو تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔اسکولوں کے علاوہ تمام کالجوں میں بھی چھٹی رہے گی۔منگلورو کے ڈپٹی کمشنر سسی کانت سینتھل نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے کل بھی بہت بھاری مقدار میں بارش ہونے کی پیشین گوئی کی گئی ہے، اس لئے تعلیمی اداروں کو چھٹی دے دی گئی ہے۔جبکہ اڈپی ضلع کی ڈپٹی کمشنر ہیپسبا رانی کورلاپتی نے اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس لئے اگر 20سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہوتی ہے تو پھرتعلیمی اداروں کی چھٹی میں 8اور9اگست تک توسیع کرنے کے بارے میں کل غور کیاجائے گا۔

 این ڈی آر ایف ٹیم چوکنا:     ڈی سی ہیپسبا رانی نے مزید یہ بھی کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے فنڈ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ فی الحال برسات سے پیدا ہونے والے ہنگامی حالات میں راحت کاری کے لئے ہر تحصیلدار کو 10لاکھ روپے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ نیشنل ڈِس ایسٹر ریسپونس فورس(این ڈی آر ایف) کی ایک ٹیم کو سورتکل میں چوکنااورتیار رکھا گیا ہے، جوبوقت ضرورت ایک گھنٹے کے اندر اڈپی تک پہنچ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگ حالات پر پوری طرح نظر بنائے ہوئے ہیں اور متاثرہ مقامات پر پہنچ کر معائنہ کرنے کا کام جاری ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

وزیراعلیٰ سدارامیا نے کرناٹک میں بیس سیٹوں پرجیت درج کرنے کا ظاہر کیا عزم

کرناٹک دو مرحلوں یعنی 26/اپریل اور 7/مئی کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کو دیکھتے ہوئے ایک طرف بی جے پی لیڈران مودی کی گارنٹی کے نام پر عوام سے ووٹ دینے کی اپیلیں کرتے نظر آرہے ہیں تو وہیں کانگریس اور انڈیا الائنس کے لیڈران بی جے پی پرعوام کے ساتھ جھوت بولنے اوردھوکہ دینے کا ...

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شراب پالیسی معاملہ: عدالت نے منیش سسودیا کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ رکھا

راجدھانی دہلی کی ایک عدالت نے ہفتہ کے روز مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ دہلی شراب پالیسی معاملہ میں درج بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں عام آدمی پارٹی (عآّپ) کے رہنما منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ ...

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کمیشن کے مطابق انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 پارلیمانی سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلہ کی تمام 96 سیٹوں پر 13 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ نوٹیفکیشن جاری ...