شیموگہ میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بھاری برسات۔ ایک لڑکی ہلاک۔ سیکڑوں گھروں کو نقصان۔ ناریل، سپاری وغیرہ کے ہزاروں درخت تباہ

Source: S.O. News Service | Published on 30th September 2019, 12:41 PM | ریاستی خبریں |

شیموگہ30/ستمبر (ایس او نیوز)شیموگہ مضافاتی علاقے ہولے ہونور اور اطراف میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بھاری برسات نے زبردست تباہی مچائی ہے، جس میں ایک لڑکی کی موت کے علاوہ سیکڑوں گھروں، ہزاروں درختوں کو نقصان پہنچنے کی خبر ہے۔

 معلوم ہو اہے کہ بھاری برسات کے دوران گھر کی مٹی دیوار گرجانے سے ایک آٹو رکشہ ڈرائیور ایوب خان کی نوجوان بیٹی بی بی خدیجہ (20سال) فوت ہوئی ہے جبکہ سیکڑوں گھروں میں پانی گھسنے سے گھریلو ساز وسامان برباد ہوگئے ہیں۔بہت ساے گھروں کی چھتیں اور کھپریل اڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دوسری طرف ہزاروں کی تعداد میں کیلے، سپاری اور ناریل کے درخت زمین بوس ہوگئے ہیں جس سے باغبانوں کو لاکھوں روپے کا خسارہ ہوا ہے۔

برسات کی وجہ سے جانی اور مالی نقصانات کی خبر ملنے پر اس حلقے کے رکن اسمبلی کے بی اشوک نائک نے علاقے کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد تمام ممکنہ سرکاری امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے بارش سے متاثرہ افراد کو اسکول میں پناہ دی گئی ہے اور ان کے قیام و طعام کا انتظام کیا گیا ہے۔

ضلع ڈپٹی کمشنر شیوکمارنے بھی متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ ”سرکاری افسران کے ذریعے نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد ہر طرح کی سرکاری امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔فی الحال عبوری طور پر راحت رسانی کا انتظام کیا گیا ہے۔“اپنے دورے کے موقع پرڈی سی نے ریلیف کیمپ پہنچ کر وہاں فراہم کیے جارہے کھا نے کی جانچ کرنے کے لئے خودبھی متاثرین کے ساتھ کھاناکھایا۔اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ متاثرین کو ہر طرح کی راحت فراہم کی جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔

 اس موقع پر بھدراوتی تحصیلدار سوم شیکھر، تعلقہ پنچایت سی ای او تمنّا گوڈا، ریوینیو انسپکٹر ستیہ نارائن، ولیج اکاونٹنٹ عنایت اور دیگر محکمہ جاتی افسران موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔