بھٹکل: ساحلی کرناٹکا کے علاوہ دیگر 6 اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش  -طالبہ سمیت 2 ہلاک ۔ ندیاں پار کر گئیں خطرے کا نشان ؛ کاروار کے قریب انموڈ گھاٹ پر چٹان کھسک گئی

Source: S.O. News Service | Published on 5th July 2022, 1:45 PM | ساحلی خبریں | ریاستی خبریں |

بھٹکل5 / جولائی (ایس او نیوز) ریاست کے ساحلی علاقہ کے شمالی کینرا، اُڈپی اور  جنوبی کینرا کے علاوہ کوڈاگو، چکمگلورو اور شیموگہ جیسے اضلاع  زبردست بارش کی زد میں آ گئے ہیں ۔  جس کے نتیجے میں کئی علاقوں سے نقصانات کی خبریں بھی موصول ہورہی ہیں، جبکہ  بارش کے نتیجے میں اب تک  دو لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
    
چکمگلورو ضلع کے ہوسپیٹ میں اسکول سے گھر واپس لوٹنے والی سپریتا نامی طالبہ برساتی پانی سے بہنے والے تیز نالے میں بہہ گئی ۔ یہاں پر بھدرا ندی پوری طرح لبالب ہوگئی ہے اور خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے ۔ جبکہ اڈپی ضلع کے کنداپور تعلقہ میں کھیت میں کام کر رہی لکشمی پوجارتی نامی ایک خاتون فوت ہوگئی ۔ جنوبی کینرا اور اڈپی میں کل دن اور رات بھر برسنے والی بارش کی وجہ سے نیتراوتی ، کمار دھارا اور دیگر ندیاں پوری طرح بھر گئی ہیں اور پانی  کی سطح اوپر کی طرف بڑھتی جارہی ہے ۔ بعض جگہ  پر ان ندیوں میں سیلابی کیفیت آ گئی ہے ۔
    
کوڈاگو ضلع میں بھاری مقدار میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بھاگ منڈل تروینی سنگم  کے پاس پانی  کی سطح بہت بڑھ گئی ہے ۔ اور بعض مقامات پر سڑک کے اوپر سے پانی بہنے کی وجہ سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے ۔ مڈیکیرے - منگلورو نیشنل ہائی وے کھسکنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ مڈیکیرے کے قریب ایک 30 فٹ کی چٹان کھسکنے کی وجہ سے کچھ مٹی ہائی وے پر جمع ہوگئی ہے ، جس سے ٹریفک نظام  میں خلل پیدا ہوگیا ہے۔

    شمالی کینرا میں بارش کا قہر - گھر پر درخت گرنے سے 6 افراد زخمی - ندیوں میں سیلابی صورتحال 

ضلع شمالی کینرا اس وقت پوری طرح بھاری برسات کی زد میں ہے اور محکمہ موسمیات کی طرف  سے جاری پیشین گوئی کے مطابق یہ سلسلہ مزید 2 دن تک چلے گا ۔ سرکاری سطح پر نوڈل آفیسرس کی ایک ٹیم بنائی گئی ہے جو مختلف مقامات پر  سیلاب آنے کی صورت میں حالات سے نپٹنے کے لئے  منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔
    
انکولہ تعلقہ سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق دو دنوں سے چل رہی موسلا دھار بارش کی وجہ سے گنگاولی ندی میں پانی خطرے کے نشان کو چھونے لگا ہے، جس کی وجہ سے کوروے ، دنڈے باگ ، ڈونگری، رامنگولی ، کلیشور جیسے کئی گاوں اور قریوں میں سیلاب آنے کا خطرہ پیدا ہوا ہے ۔ کلیشور میں ایک عارضی پل پانی میں ڈوب گیا ہے جس سے اس علاقہ میں  رابطہ منقطع ہوگیا  ہے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ منجو گونی اور کوڈسنی کو جوڑنے کے لئے پل بنانے کی خاطر بڑی مقدار میں جو مٹی گنگاولی ندی میں ڈالی گئی ہے اس وجہ سے امسال بڑے سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ انکولہ تعلقہ کے مختلف مقامات پر سڑکیں پانی میں ڈوبنے اور آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں ۔ طلبہ کے تحفظ کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ 
    
ہوناورتعلقہ کے ہلدی پور سے ملی خبر کے مطابق گھر پر ایک بہت بڑا درخت گرنے سے گھر میں موجود 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں اور گھر کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ اس کے علاوہ درخت گرنے کے نتیجہ میں 8 بجلی کے کھمبے بھی ٹوٹ کر گر گئے ، جس سے بجلی کی سربراہی متاثر ہوئی ۔ اسی مقام پر ایک اور درخت آئندہ چند دنوں میں گرنے کی حالت میں آ گیا ہے ۔ 
    
یلاپور سے ملی خبر کے مطابق بھاری برسات کی وجہ سے اومچگی پنچایت حدود میں سڑک کھسک گئی ہے ۔ پنچایت کے افسران اور اراکین نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور عارضی احتیاطی اقدامات کیے ۔ 
    
سداپور سے ملنے والی اطلاع کے مطابق یہاں بھی مختلف تعلقہ جات میں بارش کا قہر جاری ہے ۔ سومی کوپا پنچایت علاقہ میں زمین کھسکنے کی وجہ سے چند گھروں پر خطرہ منڈلا رہا ہے اس لئے تحصیلدار نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور مکینوں کو دوسری محفوظ جگہ پر منتقل کیا ۔ اس کے علاوہ بجلی لائن پر درخت گرنے سے کچھ کھمبے اکھڑ گئے جس سے بجلی کی سربراہی منقطع ہوئی ۔ ایک آنگن واڈی دیوار گر گئی ہے ۔ ایک جگہ سڑک کھسک گئی ہے جس سے آمد و رفت میں خلل پیدا ہوا ہے ۔ درخت زمین سے اکھڑ کر گرنے کی وجہ سے  بس اسٹاپ کو نقصان پہنچا ہے ۔ 

کاروار کے قریب انموڈ گھاٹ پر چٹان کھسک گئی:

تیز  اور  بھاری بارش کے نتیجے میں کاروار کے قریب   انموڈ گھاٹ کے دودھ ساگر درگاہ کے قریب بیلگام۔ گوا قومی شاہراہ 4اے پر پہاڑ کھسکنے سے سواریوں کی آمد ورفت مکمل طورپر بند ہوگئی ہے۔  خبر ملی ہے کہ انموڈ گھاٹ پر موسلادھار بارش برس رہی ہے۔ اتوار کی رات قریب 30-11بجے مٹی کھسکنا شروع ہوئی تو سواریوں کو شاہراہ  پر سے گزرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ گوا کی فائر برگیڈ اور پولس نے  جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اب  جے سی بی مشین کے ذریعے مٹی نکالنے کاکام جاری ہے۔   یہاں بھاری پیمانے پر  پہاڑی روڈ پر کھسکنے کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے   لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پہاڑی کھسکنے کی ایک وڈیو بھی ساحل آن لائن کو موصول ہوئی ہے جو کافی بھیانک ہے۔  بتایا گیا ہے کہ یہ جوئیڈا تعلقہ کے رام نگرسے گزرنے والی اہم شاہراہ ہے اسی شاہراہ سے   ریاست گوا سمیت کرناٹک کے  بیلگام، باگلکوٹ، وجئے پورا ، ہبلی  اور دھارواڑ جیسے اضلاع کار ابطہ ہوتاہے۔

جنوبی کینرا اور اڈپی میں زبردست برسات - تعلیمی اداروں کو دی گئی چھٹی

ضلع اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ملئے مہیلن، جنوبی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے وی راجیندرا  اور اڈپی ضلع  کے ڈپٹی کمشنر کورما راو نے  آج زبردست برسات ہونے کے اندیشہ کو   دیکھتے ہوئے آنگن واڈی سمیت تمام اسکولوں کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں  میں چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے ۔  ڈپٹی کمشنرس نے کہا ہے کہ بھاری برسات کی صورت میں پیدا ہونے والے خدشات سے طلباء کے تحفظ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں چھٹی دی گئی ہے ۔ اس حکم کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں پر ہوگا ۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے ان اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے ۔

بھٹکل میں چونکہ ڈپٹی کمشنر نے چھٹی کا اعلان کرنے میں تاخیر کی، اسکول اور کالج کے بچے اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں پہنچ چکے تھے،    جو بچے  اسکول اور کالج پہنچ چکے تھے، اکثر کو دوپہر  کو چھٹی دی گئی،   جن بچوں کو صبح دس بجے کالج کے کلاسس تھے، انہیں  دس بجے ہی  کالج  میں چھٹی کا اعلان کرکے گھر بھیج دیا گیا ۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔