بھٹکل میں ایک ہفتہ سے جاری ہے زوردار بارش؛ شرالی میں ہائی وے پر پانی جم گیا؛ پورورگا میں ایک مکان کو نقصان
بھٹکل17/جون (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں قریب ایک ہفتہ سے موسلادھار بارش ہورہی ہے، مگر کل منگل سے آج بدھ کو کچھ زیادہ ہی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے آج تک بھٹکل میں 118.2 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس کے ساتھ ہی بھٹکل میں اب تک بارش کی پیمائش 727.2 درج کی گئی ہے۔
کل شام سے لے کر آج صبح شہر میں بہت زیادہ بارش دیکھی گئی جس کے نتیجے میں تعلقہ کے پوروگا میں جٹمّا نارائن نائک نامی ایک غریب خاتون کا مکان گرگیا جس سے اس کا خاندان پریشانی میں مبتلا ہوگیا ہے۔
اُدھر شرالی میں زوردار بارش کے نتیجے میں جنتا ودیالیہ اسکول کے باہر نیشنل ہائی وے پر پانی اتنی زیادہ مقدار میں جمع ہوگیا کہ سڑک تالاب میں تبدیل نظر آئی۔ ہائی وے پر پانی جمع ہوجانے سے سواریوں کو گذرنے میں سخت دشواری پیش آئی۔ خیال رہے کہ کل بدھ کو اسی اسکول میں سکینڈ پی یو سی کا امتحان ہونے جارہاہے۔