دوبارہ سر اٹھا رہا ہے ہوناور تجارتی بندرگاہ کا تنازعہ
ہوناور 25/اگست (ایس او نیوز) ہوناور کے ٹونکا میں مجوزہ تجارتی بندرگاہ کی تعمیر پر چل رہا تنازعہ ماہی گیروں کی طرف سے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد کچھ دنوں سے سرد پڑا ہوا تھا ۔ مگر بندرگاہ سے رابطہ کے لئے ساحلی کنارے سے سڑک تعمیر کا کام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کے بعد اس میں دوبارہ گرمی آگئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ کل منگل کے دن ٹھیکیدار کمپنی کی طرف سے سڑک کا تعمیری کام دوبارہ شروع کرنے کے لئے جب مزدور اور مشینیں وہاں پہنچیں تو پھر سے مقامی ماہی گیروں نے رکاوٹ کھڑی کردی اور کام روکنے پر مجبور کردیا ۔
خیال رہے کہ ماہی گیروں نے اس بندرگاہ کی تعمیر سے ماحولیات اور عوام کو ہونے والے نقصانات کو بنیاد بنا کر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے جس پر عدالت نے کمپنی سے معلومات طلب کی تھی ۔ اب پتہ چلا ہے کہ کمپنی کی طرف سے جو تفصیلات عدالت میں جمع کی گئی ہیں اس میں ماہی گیروں کے تمام نکات کی نفی کی گئی اور ماہی گیروں کو اپیل خارج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس دوران عدالت کی طرف سے کوئی فیصلہ آنے سے قبل ہی تعمیری کام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش سے مقامی عوام مزید مشتعل ہوگئے ہیں اور وہ متحد ہوکر اس راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں ۔