راجیو گاندھی قتل کا مجرم رابرٹ پیرول پر
نئی دہلی،22/نومبر نومبر(ایس او نیوز/یو این آئی) مدراس ہائی کورٹ نے وزیر اعظم راجیو گاندھی قتل کے مجرم قرار دیے گئے سات افراد میں شامل رابرٹ پایَس کو اپنے بیٹے کی شادی کا انتظام و انصرام کرنے کے لیے30/دنوں کے پیرول پر جانے کی اجازت دے دی۔ جسٹس ایم ایم سُندریش اورآرایم ٹی ٹی رمن کی بینچ نے اپنے بیٹے کی شادی کی تیاری کے لیے پیرول پر جانے کی اجازت دینے سے متعلق رابرٹ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے اسے 30 دن کی پیرول (معمول کے بطور) دے دی۔ رابرٹ کا بیٹا ابھی نیدرلینڈ میں رہتا ہے۔ ہائی کورٹ نے پیرول دینے کی را برٹ کے سامنے ایک شرط بھی رکھی کہ اسے پیرول کی مدت کے دوران کسی بھی میڈیا کو کوئی انٹرویو نہیں دینا ہے۔رسمی طور پر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد رابرٹ ویلور سینٹرل جیل سے رہا ہوگا جہاں وہ گزشتہ 28 سالوں سے اپنی سزا کاٹ رہا ہے۔قبل ازیں اسی مقدمے کی ایک دیگر مجرم نلینی کو اپنی بیٹی کی شادی کا انتظام کرنے کے لیے 30 دن کے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔
اسی طرح ایک دیگر مجرم اے جی پیراریولن کو اپنے بیمار والد کے ساتھ رہنے کے لیے 12 نومبر کو ایک ماہ کا پیرول دیا گیا ہے۔ اسے اس دوران اپنے بیمار والد سے ملنے اور کرشناگِری میں اپنی بہن کی شادی میں شریک ہونے کی اجازت ہے۔ویلور جیل سے رہا ہونے کے بعد پیراریولن کو ایک 15 رکنی پولیس کی ٹیم جولارپیٹ واقع اس کے گھر لے جائے گی جہاں وہ پیرول کی مدت کے دوران رہے گا۔