ہردوئی-درگیانا ایکسپریس دھماکہ: جانچ میں انجن اور بجلی کے تار کے تصادم کا انکشاف
ہردوئی ، 12/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اتر پردیش کے ہردوئی ضلع میں اوور ہیڈ الیکٹریکل لائن سے ٹرین کے انجن کی ٹکر کی وجہ سے شارٹ سرکٹ ہوا، جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔ یہ انکشاف ہردوئی-درگیانا ایکسپریس حادثے کی جانچ کے دوران ہوا ہے۔ بدھ کی صبح پیش آنے والے اس حادثے کے بعد ہردوئی-لکھنؤ ریل روٹ متاثر ہو گیا تھا۔ ٹوٹے ہوئے تاروں کی مرمت کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو چکی ہے، لیکن اب بھی احتیاط کے ساتھ ٹرینوں کو روٹ پر چلایا جا رہا ہے۔
11 ستمبر کو پیش آئے اس حادثہ کے بعد ریلوے نے سیکورٹی کے مزید انتظامات کیے ہیں۔ حادثہ کولکاتا سے امرتسر جا رہی درگیانا ایکسپریس (12357) کے او ایچ ای تار سے ٹکرانے کے سبب ہوا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق عمر تالی دلیل نگر کے مڈل لو لائن پر درگیانا ایکسپریس گزر رہی تھی۔ تبھی ٹوٹے او ایچ ای وائر سے ٹرین کا انجن ٹکرانے سے تیز دھماکہ ہوا۔ حادثہ کے بعد لکھنؤ ہردوئی ریل روٹ پر ٹرینوں کو شارٹ ٹرمنیٹ کر دیا گیا۔
اس حادثہ کی وجہ سے کم از کم سات ٹرینیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ حادثہ کی خبر ملنے کے بعد موقع پر ریلوے کی ٹیم پہنچی اور جائزہ لینے کے بعد ٹوٹے ہوئے تار کر درست کر دیا گیا۔ حالانکہ آمد و رفت دھیرے دھیرے معمول پر آ رہا ہے، لیکن اس درمیان کئی ٹرینوں کو دوسرے راستوں سے گزارا گیا ہے۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ اَپ ٹریک پر تار ٹوٹنے کے سبب ڈاؤن ٹریک پر گزرنے والی کئی ٹرینوں پر اثر دیکھنے کو ملا ہے۔ ہردوئی سے ہو کر گزرنے والی لکھنؤ میل مقرر وقت سے کافی دیر سے گزری ہے۔ چنڈی گڑھ-لکھنؤ ایکسپریس بھی تقریباً ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ تاخیر سے گزری۔
آر پی ایف اور جی آر پی ایڈمنسٹریشن کی مانیں تو ریلوے لائن کے آس پاس سیکورٹی انتظامات کو لے کر گشت کی جاتی ہے۔ لیکن حال ہی میں ہو رہے کئی واقعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کرنے پر کام چل رہا ہے۔ سبھی ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیکورٹی کو لے کر الرٹ رہیں۔ جس علاقے میں تار ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے، وہاں مستعدی بڑھا دی گئی ہے۔