حج 2025 کے لیے درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع
نئی دہلی، 11/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے 9 ستمبر 2024 کے سرکلر کے مطابق، حج 2025 کے لیے درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 ستمبر 2024 تک بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس توسیع کے بعد بھی دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں، جو ترکمان گیٹ پر واقع حج منزل میں ہے، حج امیدواروں کے لیے تمام لازمی خدمات دفتری اوقات کے دوران فراہم کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی طرف سے دی گئی اطلاعات کے مطابق 13/اگست 2024 سے9 ستمبر2024 تک آن لائن بھرے گئے حج فارموں کی کل تعداد 2566 ہے، جس میں محرم کے بغیر خواتین کی تعداد 23، مخصوص زمرہ میں 65 سال سے زیادہ کے درخواست دہندگان کی تعداد170ہے، جبکہ عام زمرہ میں درخواست دینے والے امیدواروں کی تعداد 2373 ہے۔
واضح ہوکہ حج ۔2025کے خواہشمند حج درخواست دہندگان کے لیے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے جو فارم بھرنے کی آخری تاریخ کو یا اس سے پہلے جاری ہوا ہو اور جس کی میعاد کم از کم 15 جنوری 2026 تک ہونی چاہیے۔
آن لائن حج درخواست فارم بھرنے کے لیے پاسپورٹ سائز فوٹو، آدھار کارڈاور گروپ لیڈر کے بینک اکاؤنٹ کا کینسل شدہ چیک ہونا بھی ضروری ہے۔ ایک گروپ میں زیادہ سے زیادہ 5 امیدوار ہی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ برسوں کی طرح، 45 سال سے زیادہ عمر کی خواتین بغیر محرم کے اکیلے درخواست دینے کی اہل ہوں گی۔
اس سلسلے میں مزید معلومات کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر سے فون نمبر 011-23230507 پر پیر سے جمعہ کی صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک رابطہ کیا جاسکتا ہے۔