دیپا کرماکر زخمی، جمناسٹکس چمپئن شپ میں ہندوستان کے لیے بڑا چیلنج

Source: S.O. News Service | By INS India | Published on 3rd October 2019, 8:18 PM | اسپورٹس |

اسٹوگارٹ (جرمنی)،03/اکتوبر(آئی این ایس انڈیا) زخمی دیپا کرماکر کی غیر موجودگی میں ہندوستانی جمناسٹو کو جمعہ سے یہاں شروع ہو رہی عالمی جمناسٹکس چمپئن شپ میں سخت چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا۔ہندوستانیوں کو حالانکہ میڈل کی توقع نہیں ہوگی لیکن وہ اپنی بہترین کارکردگی کرنا چاہتے ہیں۔ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ہندوستانی جمناسٹ دیپا ریو اولمپکس کے والٹ فائنلس میں چوتھے نمبر پر رہی تھیں۔ لیکن ملک کی ٹاپ جمناسٹ گھٹنے کی چوٹ پر قابو پانے میں ناکام ہونے کی وجہ سے اس میں حصہ نہیں لے پائیں گی۔ دیپا کی غیر موجودگی میں خواتین کے زمرے کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے پرنیت نائک، پرنیت داس اور ارونا بڈا ریڈی پر ہوگی جنہیں گزشتہ ماہ چھ رکنی ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیا گیا۔پرنیت نائک نے اس سال کے شروع میں منگولیا میں سینئر ایشیائی کلاتمک جمناسٹکس چمپئن شپ کی والٹ مقابلے میں کانسی کا تمغہ اور ارونا نے 2018 جمناسٹک ورلڈ کپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔لیکن عالمی چمپئن شپ میں سخت مقابلہ ہوتا ہے جس میں ہندوستانی جمناسٹو ں کیلئے فائنل میں پہنچنا مشکل رہا ہے۔ مرد زمرے میں تمام لوگوں کی توجہ 2010 ایشیائی کھیلوں کے کانسی یافتہ اسیش کمار کی کارکردگی پر مرکوز ہوگی جبکہ ٹیم میں یوگیشور سنگھ اور آدتیہ سنگھ رانا بھی موجود ہیں۔عالمی چمپئن شپ میں اولمپکس کوٹے بھی داؤ پر لگے ہوں گے جس میں ہر زمرے (2018 سے پہلے ہی کوالیفائی کرنے والے تین سیشن کو چھوڑ کر) میں ٹاپ نو ٹیمیں ٹوکیو گیمز کے لئے کوالیفائی کریں گی۔

ایک نظر اس پر بھی