بنگلورو، 17؍ مئی (ایس او نیوز؍ یو این آئی) مئی کے اواخر میں منعقد شدنی پنچایت انتخابات کو کووڈ۔19 بحران کے مد نظر 6 ماہ تک ملتوی کردی گئی۔ وزیر پنچایت را ج کے ایس ایشورپا نے یہ اطلاع دی۔
اے این آئی کی رپورٹ کی مطابق تاہم ہر گرام پنچایت میں انتظامی کونسلس قائم کی جائیں گی کیوں کہ کئی ارکان کی میعاد جون تا جولائی تک ختم ہوجائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیر ایشورپا نے کہا کہ ریاست میں 6012 گرام پنچایتیں ہیں اور ان میں سے بیشتر کی میعاد جون سے جولائی کے عرصہ میں ختم ہورہی ہے۔ کووڈ۔19 بحران کی وجہ سے ہم انتخابات منعقد نہیں کریں گے بلکہ اسے 6 ماہ کے لیے ملتوی کردیں گے۔‘‘ یہ تیقن دیتے ہوئے کہ انتظامی اداروں کو مخلوعہ نہیں چھوڑا جائے گا انہوں نے کہا کہ گرام سوراج اور پنچایت راج ایکٹ 1993 کے تحت ہر گرام پنچایت یں انتظامی کونسلس قائم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل ڈی کے شیو کمار نے ریاستی حکومت سے پنچایت انتخابات کو 6 ماہ تک ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی کیوں کہ موجودہ حالات میں اس کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔