یکم جولائی سے کرناٹک میں اسکول کھل جائیں گے۔کلاسس شروع کرنے کے لئے مرحلہ وار تاریخوں کا اعلان
بنگلورو،3؍جون(ایس او نیوز)کرناٹک حکومت نے ریاست بھر میں یکم جولائی سے مرحلہ وار پرائمری اور سکینڈری اسکول کھول دینے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں - وزیر برائے بنیادی و ثانوی تعلیم سریش کمار کی صدارت میں محکمہ تعلیمات عامہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی میٹنگ کے بعد کمشنر برائے تعلیمات عامہ کی جانب سے اسکولس کھولنے کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے- وزیر تعلیم کی میٹنگ میں محکمہ تعلیمات عامہ کے پرنسپل سکریٹری، ثانوی تعلیمات کے کمشنر اور دیگر افسروں کے ساتھ میٹنگ میں سریش کمار نے فیصلہ لیا کہ یکم جولائی سے ریاست بھر میں اسکول مرحلہ وارکھول دئیے جائیں -
محکمہ کی طرف سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کے عملہ سے کہا جائے کہ وہ5جون سے اپنے کام پر حاضر رہے- تمام سرکاری اسکولوں کے عملہ سے کہا گیا ہے کہ جن اسکولوں میں ان کی تعیناتی ہے وہاں وہ 8جون سے حاضر ہو جائیں - اسی تاریخ سے رواں تعلیمی سال کے داخلوں کا عمل بھی شروع ہو جائے گا-سرکلر میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی سے تعلیمی سرگرمیوں کی شروعات کے مرحلہ تک بھی حکومت حالات پر مسلسل نظر رکھے گی اور اس وقت تک بھی اگر فیصلہ بدلنے کی ضرورت محسوس ہو توبدلا جائے گا-
اسکولس کھولنے طے کی گئی تاریخیں
٭یکم جولائی:چوتھی جماعت سے ساتویں جماعت تک
٭15جولائی:پہلی جماعت سے تیسری جماعت تک
آٹھویں جماعت سے دسویں جماعت تک
٭ 20جولائی : پری پرائمری کلاسس