سرکاری این آر آئی سیل کو 400 سے زائد شکایات موصول
نئی دہلی، 30/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)(پی ٹی آئی) حکومت کے این آر آئی سیل کو 2022 میں خواتین کی جانب سے 400 سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ ان شکایات میں بنیادی مسائل گھریلو تشدد، پاسپورٹ کی ضبطی، جہیز کے مطالبات، اور بچوں کی تحویل سے متعلق تنازعات شامل تھے۔
وزارت برائے ترقی خواتین و اطفال (ڈبلیو سی ڈی) کی تازہ سالانہ رپورٹ کے مطابق جنوری اور مارچ2022 کے درمیان 109 شکایات درج کرائی گئیں جبکہ اپریل تا دسمبر 372 شکایات موصول ہوئیں۔
اِس رپورٹ میں یہ بات بھی اجاگر کی گئی کہ این آرآئی سیل جو ہندوستان اور بیرونی ممالک میں این آرآئیز سے خواتین کی شادی کے کیسس سے نمٹتا ہے اُس نے کئی سنگین الزامات بشمول سسرال والوں کی جانب سے پاسپورٹ کی ضبطی اور شوہروں کی گمشدگی یا اُن کا اتا پتا نہ معلوم ہونے سے بیرون ملک خواتین کا اپنے شوہروں تک نہ پہنچ پانا بھی شامل ہیں۔
این آر آئی سیل کو 2022 میں خواتین سے جملہ 481 شکایات موصول ہوئیں۔ قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) نے ڈبلیو سی ڈی، امور خارجہ اور امور داخلہ کی وزارتوں کے ساتھ تال میل کیا تاکہ 2022 میں ان مسائل کو حل کیا جاسکے۔
این سی ڈبلیو نے متعلقہ اتھاریٹیز سے تقریبا 3500 مکتوب جاری کئے تاکہ این آر آئیز سے متعلق ازدواجی تنازعات کو حل کیا جاسکے۔