تائیوان میں فیسٹیول کے دوران 3 سالہ بچی کو بھی پتنگ اپنے ساتھ اُڑا لے گیا؛ وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل
تائیوان یکم ستمبر (ایس او نیوز) اتوار کے روز تائیوان کے شہر سنچو میں ہونے والے پتنگ بازی کے ایک تہوار میں اس وقت خوفناک صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک تین سالہ بچی پتنگ کی دم کے ساتھ لٹک کر پتنگ کے ساتھ ہی ہوا میں اڑگئی، کچھ دیر بعد جب پتنگ نیچے آئی تو بچی کو نیچے گرنے سے پہلے ہی پکڑ لیا گیا۔
پتنگ بازی کے بین الاقوامی مقابلے میں پیش آنے والے اس واقعہ پر موقع پر موجود سینکڑوں افراد سارا منظر دیکھ کر دنگ رہ گئے اور دیکھتے دیکھتے ہی بچی کے ہوا میں اُڑنے کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پتنگ کی دم میں الجھی ہوئی بچی ہوا میں جھول رہی ہے اور لوگ اس کو بچانے کیلئے پتنگ کے نیچے جمع ہیں۔ ویڈیو میں لوگوں کے چیخنے کی آوازیں بھی صاف سنائی دے رہی ہیں۔
مقابلے میں شریک بہت سارے لوگ مل کر نارنجی رنگ کی بڑی پتنگ اڑانے کی کوشش کر رہے تھے جس کو چار لوگوں نے تھام رکھا تھا۔ مگر ہوا اس قدر تیز تھی کہ بڑے پتنگ کو سنبھالنا مشکل ہو رہا تھا۔
پتنگ جیسے ہی ہاتھ سے چھوٹی اس کی دم کے ساتھ بچی بھی ہوا میں اُڑتی ہوئی فضا میں چلی گئی 30 سیکینڈ تک بچی ہوا میں جھولتی رہی۔ پتنگ اتنی بلند تھی کہ ہاتھ یا کسی بھی طریقے سے اس کو پکڑا نہیں جا سکتا تھا۔کچھ دیرفضا میں گھومنے کے بعد ہوا کے زور سے ہی بچی نیچے آگئی جس کو فیسٹیول میں موجود لوگوں نے زمین پر گرنے سے بچالیا۔ بچی کو معمولی زخم بھی آئے۔ حادثے کے بعد فیسٹیول کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی۔