غازی آباد ، 18/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) اترپردیش کے غازی آباد کے کھوڈا علاقے میں ایک 19 سالہ نوجوان کی جِم میں ورزش کرنے کے دوران موت واقع ہوگئی۔ جس کی وڈیو بعد میں سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اس نوجوان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ۔ بتایا گیا ہے کہ یہ نوجوان ہفتہ کی صبح جم میں ورزش کررہا تھا کہ اچانک ٹریڈمل پر گر گیا اور پل بھر میں روح قبض ہوگئی۔
پولیس نے متوفی کی شناخت 19 سالہ سدھارتھ کمار سنگھ کے طور پر کی ہے جو غازی آباد کے ایک خانگی کالج میں بی ٹیک کے دوسرے سال کا طالب علم تھا۔ اس کے والد کھوڈا میں کرانہ کی دکان چلاتے ہیں، جب کہ اس کی ماں بہار کے سیوان میں ایک سرکاری اسکول کی ٹیچر ہے۔ پولیس کے مطابق سنگھ کا خاندان پوسٹ مارٹم کے لیے راضی نہیں تھا اور درخواست کی تھی کہ انہیں نعش کو سیوان میں ان کے گاؤں لے جانے کی اجازت دی جائے۔