جرمن وزیر خارجہ کی یورپی ممالک سے متحد ہو جانے کی اپیل
برلن،02/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے یورپی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں اور مہاجرت جیسے عالمی چیلنجز کے مقابلے کے لیے متحد ہو جائیں۔ ایک جرمن اخبار میں شائع ہونے والے تجزیے میں ہائیکو ماس نے 30 برس قبل دیوار برلن کے انہدام اور جرمنی کے اتحاد کو ایک ایسا واقعہ قرار دیا جس میں عوام اور جمہوریت پسندوں نے اپنا اہم کردار ادا کیا تھا۔ جرمن وزیر خارجہ کے مطابق نو نومبر 1989ء کو پیش آنے والے واقعات اس بات کی یاددہانی ہیں کہ یورپی اتحاد کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور جرمنی اس کام کو آگے بڑھائے گا۔