بہار: مظفر پور شیلٹر ہوم معاملے کی متاثرہ کے ساتھ گینگ ریپ، مقدمہ درج
بیتیا،15 /ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بہار کے مغربی چمپارن ضلع کے شہر تھانہ میں مظفر پور شلٹر ہوم معاملے کی ایک متاثرہ نے اپنے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا معاملہ درج کرایا ہے۔مغربی چمپارن ضلع ہیڈکوارٹر بیتیا کے شہر تھانہ صدر ششبھوش ٹھاکر نے اتوار کو بتایا کہ متاثرہ کو علاج کے لیے ہفتہ دیر شام گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اس کی میڈیکل جانچ آج ڈاکٹروں کی ٹیم کی طرف سے کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاتون تھانہ انچارج پونم کماری نے اسپتال پہنچ کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ متاثرہ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ جمعہ کی رات وہ اپنے محلے میں ہی تھی۔اسی دوران کار سوار چار لوگوں نے اسے گاڑی کے اندر کھینچ لیا۔ شکایت کے مطابق ملزمان نے چلتی گاڑی میں اس کے ساتھ عصمت دری کی اور پھر اسے واپس محلے کے پاس چھوڑ کر فرار ہوگئے۔اس میں کہا ہے کہ ملزمان نے ماسک پہنا ہوا تھا، لیکن مخالفت کے دوران متاثرہ ان کا ماسک ہٹانے میں کامیاب رہی۔تمام نوجوان ایک ہی خاندان کے ہیں۔شہر تھانہ انچارج نے بتایا کہ ہفتہ کو متاثرہ نے شہر تھانے میں واقعے کی شکایت درج کرائی۔جس کے بعد ان خواتین تھانے کے تحفظ میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی عصمت دری کی تصدیق ہو پائے گی۔گزشتہ سال مظفر پور شہر واقع ایک شیلٹر ہوم میں 34 لڑکیوں کے ساتھ جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آنے پر گزشتہ سال 26 جولائی کو ریاستی حکومت نے اس کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی تھی۔