بھٹکل میں یکم ستمبر سے ووٹرلسٹ کی تجدیدکاری کاکام کا آغاز: عوام ،سماجی ادارے توجہ دیں
بھٹکل:31؍اگست(ایس اؤ نیوز)الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ’ووٹر لسٹ خصوصی تجدیدکاری -2020‘ کے تحت ریاست بھر میں رائے دہندگان کی فہرست کی تجدیدکاری کی جارہی ہے۔ بھٹکل میں بھی ووٹر لسٹ کی تجدید کاری یکم ستمبر سے شروع ہوگی ،بھٹکل تحصیلدار نے پریس ریلیز جاری کرتےہوئے عوام سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔
تحصیلدار کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق رائے دہندگا ن فہرست کی تصدیق، توثیق و جانچ پروگرام (VP-Electors Verification Program)اور بی ایل اؤ کی طرف سے گھر گھر ملاقات کا پروگرام ترتیب دیاگیاہے۔ بھٹکل تعلقہ میں ووٹرلسٹ میں ووٹروں کےناموں کا اندراج، اخراج، حذف و اضافہ، ترمیم وغیرہ کا کام یکم ستمبر سے 30ستمبر تک جاری رہےگا۔ اس دوران عوام اپنے نام ووٹر لسٹ میں درج کراسکتےہیں اس کے علاوہ کسی کی موت پر ناموں کا اخراج بھی کیاجائے گا۔ اور ناموں میں کہیں خامی ، کمی ہے تو ترمیم کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ عوام اس سلسلے میں توجہ دیتے ہوئے متعلقہ مدت میں اپنے گھروالوں اور خاندانوں کے نامو ں کو لازماً درج کروائیں۔ اس تعلق سے کوئی معلومات چاہتے ہیں تو بھٹکل تحصیلدار دفتر نمبر 08385-226422پر رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔