بھٹکل کے منڈلی اور نستار میں فیڈریشن کی جانب سے مفت پانی سپلائی؛ مسلم نوجوانوں کی سراہنا؛ پریشان عوام لے رہے ہیں راحت کی سانس

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 1st May 2019, 10:07 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل یکم مئی (ایس او نیوز) مصیبت کی گھڑی میں اگر مسلمان دوسری کمیونٹی  کے لوگوں کی مدد کریں  اور اُن کے دکھ درد میں کام آئیں تو  ہرکوئی  مسلمانوں کے بہترین اخلاق سے متاثر ہوکر  اُن   کے قریب آسکتا ہے، اسی سے تعلقات استوار ہوتے ہیں ایک دوسرے کے لئے ہمدردی پیدا ہوتی ہے  اور آپس میں بھائی چارگی  کی فضا قائم ہوتی ہے۔ یہ بات اُس وقت پھر ایک بار ثابت ہوگئی جب  منڈلی کے عوام نے فیڈریشن کے ذمہ داروں کو اُن کے ایک پروگرام میں اسٹیج پر  مدعو کرتے ہوئے اُن کی شال پوشی کی اور اُن کی  خدمات کو سراہا۔

دراصل بھٹکل کے نستار اور  منڈلی سمیت اطراف کے  علاقوں میں کنویں سوکھ جانے سے عوام بے حد پریشان ہیں ، صرف پینے کے پانی کے لئے ہی نہیں بلکہ  دیگر استعمال کے لئے بھی عوام کو یہاں پانی میسر نہیں ہے۔ ایک طرف شدت کی گرمی اور دوسری طرف  پانی  کی قلت سے لوگ  سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کے باوجود پانی  کا مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے،  عوام کے مسائل کا جب  بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کو علم ہوا تو فیڈریشن کے نوجوانوں نے علاقہ کےعوام کو پانی سپلائی کرنے کا منصوبہ بنایا اور گذشتہ دس بارہ دنوں سے یہاں ٹینکوں کے ذریعے  پانی سپلائی کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے۔

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری محمد نصیف خلیفہ نے بتایا کہ منڈلی، کرسچن کیری، نستار اور اگراکٹے سمیت اطراف کے علاقوں میں  روزانہ 40 ہزار لیٹر پانی سپلائی کیا جارہا ہے، فجر کی نماز کے فوری بعد نوجوان گاڑیوں پر پانی کے ٹینک بھر بھر کر متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں اور گھر گھر جاکر پانی سپلائی کیا جارہا ہے،  صبح سے شام چار بجے تک نوجوان پانی سپلائی کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ مسلم نوجوانوں کی ان خدمات سے متاثر ہوکر  گذشتہ روز منڈلی میں  منعقدہ  موگیر کمیونٹی کے ایک پروگرام میں  فیڈریشن کے نوجوانوں کو اسٹیج پر بلایا گیا اور  اُن کی شال پوشی کرتے ہوئے فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا گیا۔ فیڈریشن کے شعبہ  سماجی خدمات کے  متحرک نوجوان محمد شمعون حاجی فقیہ اور تعصیم رکن الدین نے ان کی تہنیت کو قبول کیا۔

واضح رہے کہ بھٹکل میں تفریح کا خوبصورت مقام  نستار،  شہر کے ایک کنارے پر واقع ہے جہاں بحر عرب کا  ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتا ہے،  علاقہ میں زیادہ تر  ماہی گیروں کی آبادی ہے تو ایک طرف کرسچن   کی بھی خاصی بڑی تعداد بستی ہے۔ ان کے درمیان قریب پچاس مسلمانوں کے مکانات بھی ہیں ۔  نستار سمیت منڈلی اور اطراف کے تما م  علاقوں  میں کنویں سوکھ جانے سے  پندرہ دنوں سے یہاں  کے عوام پانی کو لے کر سخت پریشان تھے  صرف پینے کے لئے ہی نہیں   بلکہ  دیگر استعمال کے لئے بھی پانی  کے لئے لوگ ترس رہے تھے، ایسے میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے یہاں پانی سپلائی کئے جانے سے لوگ راحت کی سانس لے رہے ہیں ۔فجر کی اذان ہوتے ہی لوگ اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل آتے ہیں اور قطار سے مٹکے،  بالٹیاں اور دیگر برتن  سجانے لگتے ہیں۔

ساحل ا ٓن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے منڈلی کے لوگوں نے بتایا کہ  ہم لوگ پانی کو لے کر اس قدر پریشان تھے کہ  سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ آخر کیا کریں، ایسے  وقت میں  مسلم نوجوان  ہمیں روزانہ  پانی سپلائی کررہے ہیں ہم اُن کے نہایت شکرگذار ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

انکولہ میں ڈاکٹر انجلی نے بی جے پی پر کیا طنز : مجھے بیرون ضلع کی کہنے والوں کو میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا 

انکولہ کے ناڈ ور ہال میں منعقدہ انتخابی تیاریوں کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتر کنڑا حلقے کی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے اتر کنڑا ضلع سے باہر کی امیدوار بتانے والی بے جے پی کو بھی میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا ۔ انہیں شائد پتہ نہیں ...

کمٹہ میں ڈی کے شیوکمار نے کہا : دھرم کسی کی جائداد نہیں ہے ۔ بھگوان کو سیاست میں استعمال کرنا ناقابل معافی ہے

پارلیمانی انتخاب کی تیاریوں کے سلسلے میں کمٹہ میں منعقدہ  جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ ہمارا یقین یہ ہے کہ دھرم چاہے جو بھی اس کا نظریہ ایک ہی ہے ، نام چاہے سیکڑوں ہوں ، مگر بھگوان ایک ہی ہے اور پوجا جیسی بھی ہو، ...

بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس اور آٹو رکشہ کی ٹکر؛ آٹو ڈرائیور شدید زخمی

  قلب شہر شمس الدین سرکل کے قریب  پرائیویٹ بس اور آٹو کی ٹکر میں آٹو ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے   بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زائد علاج کے لئے کنداپور  لے جایا گیا ہے۔ زخمی ڈرائیور کی شناخت جامعہ آباد روڈ، ماسٹر کالونی کے رہائشی  محمد سُہیل ...

بھٹکل میں انجلی نمبالکر نے کہا؛ آنے والےانتخابات بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نہیں ، امیروں اور غریبوں کے درمیان اور انصاف اور ناانصافی کے درمیان مقابلہ

  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اصل مقابلہ  بی جے پی اور کانگریس کے درمیان  نہیں ہوگا بلکہ  اڈانی اور امبانی جیسے  سرمایہ داروں  کو تعاون فراہم کرنے والوں اور غریبوں کو انصاف دلانے والوں کے درمیان ہوگا، صاف صاف کہیں تو یہ سرمایہ داروں اور غریبوں کے درمیان  مقابلہ ہے۔ یہ بات ...