یلاپور:8؍مارچ (ایس اؤ نیوز)باغ کے قریب مٹی کاکام کرنے کے دوران پہاڑ کی مٹی کھسکنے سے چار مزدور جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگئے یہ واردات یلاپور تعلقہ کے اڈگوندی کے قریب پیر کو پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یلاپور تعلقہ ، اڈگوندی گرام پنچایت حدود کے سنتے بائیل میں منجوناتھ بھٹ کے ملکیت والے باغ میں 7مزدور کام کررہے تھے۔ زمین کھود کر مٹی باغ میں ڈالی جارہی تھی ، اسی دوران اچانک مٹی کے تودے کھسک کر مزدوروں پر گرنے سے چار مزدور ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین کی شناخت یلاپور تعلقہ کروتی سے قریب گولی واڑا کے بھاگیہ شری ایڈگے(21)، لکشمی ڈوئی پڈے (38)، سنتوش ڈوئی پڈے (18) اور مالو ڈوئی پڈے (21) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ واردات میں تگی بائی ، سونی اور بیرونامی مزدور حادثے میں بال بال محفوظ رہ گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولس جائے وقوع پرپہنچی۔ مٹی کے تودوں کے اندر دبی نعشوں کو باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال روانہ کی گئی ہیں، پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔