یلاپورمیں بھیانک سڑک حادثہ؛ لاری کی ٹکر میں کار پر سوار چاروں لوگ ہلاک
بھٹکل 24 ستمبر (ایس اونیوز) ضلع اُترکنڑا کے یلاپور نیشنل ہائی وے پر ہوئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگئے جن کی شناخت روی نائر (58)، پشپا روی نائر (55)، ہریندرناتھ نائیر (62) اور پدماکشی نائیر (86) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
حادثہ جمعرات کو یلاپورتعلقہ کے کیروتّی نیشنل ہائی وے 63 پر اُس وقت پیش آیا جب دہلی نمبر پلیٹ والی کار تیز رفتاری کے ساتھ سامنے سے آنے والی ایک مہاراشٹرا نمبر پلیٹ والی ٹرک سے ٹکراگئی۔ پتہ چلا ہے کہ کار پر سوار چاروں لوگ ممبئی سے کوچین (کیرالہ) جارہے تھے۔جبکہ لاری انکولہ سے ہبلی کی طرف جارہی تھی۔ کیرالہ کی طرف جانے والی کار ، ہبلی کو کراس کرنے کے بعد انکولہ کی طرف آگے بڑھ رہی تھی، مگر یلاپور کے کیروتی میں ان کی کار حادثے کا شکار ہوگئی۔
حادثہ کے فوٹوز دیکھنے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ لاری نے پوری کار کو کچل کر رکھ دیا ہے۔
یلاپور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔