بھٹکل 16/نومبر (ایس او نیوز) کاروار میں غیر قانونی طور پر اپنے ساتھ تقریباً91لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی لے جانے کے الزام میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے محمد سراج اور عبدالنذیر کی گرفتاری کے بعدکاروار اور بھٹکل کی پولیس نے بھٹکل کے دو مکانات پر چھاپہ ماری کی تھی۔
بھٹکل اے ایس پی نکھل بی کے بیان کے مطابق نوائط کالونی میں واقع جس گھر پر چھاپہ مارا گیاتھا وہاں سے کوئی قابل اعتراض یا غیر قانونی چیز پولیس کے ہاتھ نہیں لگی جبکہ مدینہ کالونی میں واقع مکان سے 5لاکھ روپے ضبط ہوئے ہیں، جس کے بارے میں گھروالوں نے بتایا ہے کہ وہ شادی کی تقریب کے لئے جمع کرکے رکھے گئے تھے۔ پولیس ان کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی اور ان 15 لاکھ روپوں کو ضبط کرتے ہوئے گھروالوں کو ہدایت دی ہے کہ اس رقم کے تعلق سے ضروری معلومات فراہم کرکے یہ رقم واپس لے جائیں۔
اے ایس پی نے مزیدبتایا کہ کارگو اور غیر ملکی کرنسی کے کاروبار سے متعلق چند نکات پر پولیس تحقیقات میں لگی ہوئی ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی تمام تفصیلات ظاہر کی جائیں گی۔