نیپال میں مسلسل بارشوں سے سیلابی صورتحال، کئی شہر زیر آب، تقریباً 40 افراد ہلاک
کھٹمنڈو ، 28/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستان کے پڑوسی ملک نیپال میں اس وقت قدرتی آفات کا سامنا ہے، جہاں مسلسل بارشوں نے لوگوں کی زندگیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور ہر طرف سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی شہروں میں لوگ خوف و ہراس کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں، کیونکہ سینکڑوں گھر زیر آب آ چکے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق، نیپال میں سیلاب کے نتیجے میں تقریباً 40 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ جمعہ کے روز سے ہی نیپال کے کئی علاقے بارش کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ چونکہ بارش کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے، اس لیے حالات مزید تشویش ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تیز بارش کے سبب ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران نے اچانک سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مائی ریپبلکا ڈاٹ کام کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاٹھمنڈو میں 9، للت پور میں 16، بھکت پور میں 5، کورے پالن چوک میں 3، پنچتھر اور دھنکوٹا میں 2-2 اور جھاپا و دھاڈنگ میں 1-1 شخص کی موت ہوئی ہے۔
ایک مقامی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے 11 افراد لاپتہ بھی ہیں جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کھٹمنڈو میں ہی تقریباً 225 گھر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ دیگر علاقوں میں بھی مشکل حالات کا سامنا ہے۔ اس درمیان متاثرہ علاقوں میں نیپال پولیس کی طرف سے تقریباً 3000 سیکورٹی اہلکاروں کی بچاؤ ٹیم کو تعینات کر دیا گیا ہے۔