بنگلور : رام نگر میں گنیش پنڈال سے بچی کے اغوا کی کوشش کو نوجوانوں نے بنایا ناکام؛ فوری حرکت میں آجانے سے لڑکی کی بچ گئی جان
بنگلورو، 10/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ضلع رام نگر میں پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعہ میں ایک سات سالہ بچی کو گنیش پنڈال سے اغوا کر نے کی کوشش کو مقامی نوجوانوں نے اُس وقت ناکام بنادیاجب پینڈال میں موجود قریب 25 نوجوان ایک ساتھ حرکت میں آگئے اور لڑکی کی تلاش شروع کردی، جس کے دوران اغوا کرنے والے نوجوان نے خوف زدہ ہوکر لڑکی کو ایک دکان کے باہر سڑک کنارے پھینک کر فرار ہوگیا، بعد میں پولس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت 22 سالہ درشن کے طور پر کی گئی ہے جو پینٹنگ کا کام کرتا ہے۔ واردات اتوار کی دیر رات شہر کے چامنڈی پور لے آؤٹ میں پیش آئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق درشن ، سنتوش نامی شخص کے پڑوس میں رہتا تھا ۔ ملزم درشن کا اپنے گھر کا کرایہ سمیت دو لاکھ روپئے تک کا قرض باقی تھا، سنتوش کی بچی کو اغوا کرکے وہ اُن سے یہ رقم طلب کرنے والا تھا۔ جس کے لئے اُس نے یہ سازش رچی تھی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چامنڈی پور لے آوٹ میں واقع گنیش پنڈال میں مذہبی تقریبات منانے کے لئے بچی اپنے والد سنتوش کے ساتھ پہنچ تھی۔ درشن نے بچی کو مبینہ طور پر کھیلنے کا جھانسہ دے کراور اُسے بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ چلنے پر راضی کرایا، بچی چونکہ سنتوش سے واقف تھی، آسانی کے ساتھ اُس کی باتوں میں آگئی، بعد میں درشن نے بچی کا منہ بند کردیا تاکہ وہ چینخ نہ سکے اور اُس کا ہاتھ اور پیر باندھ دیا۔
بچی جب اچانک لاپتہ ہوئی تو والدین نے فوری طور پر اس کی تلاش شروع کر دی۔ گمشدگی کی خبر ملتے ہی گنیش پنڈال پر موجود نوجوان متحرک ہوگئے اور ایک ساتھ بہت بڑی تعداد میں لوگ لڑکی کی تلاش میں جُٹ گئے، جس سے خوفزدہ ہوکر درشن کو لڑکی کو وہیں چھوڑ کر فرار ہونے میں ہی عافیت نظر آئی۔ بچی جس کے ہاتھ، منہ اور ٹانگوں کو ٹیپ سے باندھا گیا تھا اور اسے سڑک کے کنارے پھینکا گیا تھا، دم گُھٹنے کے مرحلے میں تھی ، بروقت کاروائی سے لڑکی کی جان بچ گئی۔ اب لڑکی کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔
نوجوانوں نے ہی درشن کو جائے وقوع پر ہی پکڑ کرپولیس کے حوالے کر دیا۔