منگلورو:23؍فروری (ایس اؤ نیوز)ڈیزل سبسڈی سے راحت پاکر زندگی گزارنے والے ماہی گیروں کو ریاستی حکومت ابھی تک ڈیزل پر رعایت نہ دینے سے ماہی گیر وں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو دیکھتے ہوئے ماہی گیروں کی کشتیاں سمندر میں نہیں اتر رہی ہیں، ریاستی حکومت کو چاہئےکہ وہ فوری طورپر ماہی گیروں کو ڈیزل سبسڈی جاری کرے، اس بات کا مطالبہ منگلورو کے رکن اسمبلی یوٹی قادر نے کیا۔
پیر کو پریس کانفرنس میں بات کرتےہوئے قادر نے اس بات پر سخت برہمی ظاہر کی کہ ریاستی حکومت ماہی گیروں کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کرونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ کیرلا میں کرونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے، اس کو دیکھتے ہوئے ضلع کی سرحدوں پر ضروری و احتیاطی اقدامات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے سرحدی ٹرانسپورٹ مسائل کوحل کرنےکے سلسلے میں دکشن کنڑ اور، کاسرگوڈ اضلاع کے نمائندوں ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت عامہ کی مشترکہ میٹنگ کا انعقاد کرنے کا مطالبہ کیا۔ کیرلا کے علاقوں سے روزانہ ہزاروں لوگ منگلورو آیا جایا کرتے ہیں ۔ اگر سرحد بند کی جائے گی تو انہیں کافی دشواری ہوگی۔ اس مسئلےکو فوری طورحل کرنے کی مانگ کی۔