کالادھن:سوئس بینک کے اکاؤنٹ ہولڈروں کی پہلی فہرست ہندوستان کے حوالے
نئی دہلی،9؍ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) سوئزر لینڈ سرکار نے سوئس بینک میں ہندوستانی اکاؤنٹ ہولڈروں کی پہلی فہرست ہندوستان کو سونپ دی ہے بینکرس اور سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) کے افسروں کا کہنا ہے کہ معلومات کا تجزیہ کیا جارہا ہے - اس فہرست میں زیادہ تر کھاتے ایسے ہیں جو کارروائی کے ڈر سے بند کردئے گئے تھے - سیاست سے وابستہ لوگوں کے کھاتوں کی بہت ہی گہرائی سے جانچ کی جارہی ہے -ہندوستان اور سوئزر لینڈ کے مابین بینک کاری سے متعلق معلومات کے تبادلہ کے بعد یکم ستمبر سے ہندوستانیوں کے سوئس بینک اکاؤنٹ سے متعلق معلومات فراہم کی جارہی ہیں - بینک کاروں نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ غیرملکی بینکوں نے سوئس حکومت کی ہدایت پر ہندوستانیوں سے متعلق اعدادوشمار تیار کئے ہیں - اس میں ان تمام اکاؤنٹس کے لین دین کی تفصیلات شامل ہیں جو 2018 کے بعد سے ایک دن کے لئے بھی سرگرم رہے ہیں - یہ معلومات سوئس بینک اکاؤنٹس میں غیر منقولہ اثاثے رکھنے والوں کے خلاف کارروائی میں معاون ثابت ہوں گی-