بھٹکل انجمن کے انتخابات کے بعد پہلی میٹنگ میں 12 مزید ممبران ہوئے انتظامیہ میں شامل؛ 22 فروری کو ہوگا عہدیداران کا انتخاب
بھٹکل 15/فروری (ایس او نیوز) مشہور و معروف قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے حال ہی میں ہوئے عام انتخابات کے بعد آج سنیچر کو انتظامیہ کی پہلی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں عمان کے لئے دو اراکین کو منتخب کرنے کے ساتھ ساتھ انجمن دستور کی نئی شق کے مطابق پہلی مرتبہ نومنتخب اراکین نے مزید دس ممبران کو بھی انتظامیہ میں شامل کیا۔ اس طرح آج کی پہلی میٹنگ میں جملہ 12/اراکین کا انتخاب کرکے اُنہیں انتظامیہ میں شامل کیا گیا۔
جناب پلور محمد صادق کی تلاوت کلام پاک سے نشست کا آغاز ہوا، الیکشن کمشنر جناب اسحاق شاہ بندری نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام نو منتخب اراکین انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور میٹنگ میں شریک تمام اراکین بالخصوص دور دراز اور گلف ممالک سے میٹنگ کے لئے تشریف فرما اراکین کا بے حد شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بیرون ہند کے مختلف شہروں میں انجمن کے انتخابات منعقد کروانے والوں اور مخلصانہ تعاون پیش کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ آئندہ بھی تمام اراکین کا انجمن کے ساتھ تعاون بحال رہے گا۔
ڈاکٹر زُبیر کولا کی صدارت اور الیکشن کمشنر جناب اسحاق شاہ بندری کینگرانی میں میٹنگ کی کاروائی مکمل ہوئی۔ آج کی نشست میں 59 اراکین حاضر تھے۔
نشست کے اختتام کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمشنر جناب اسحاق شاہ بندری نے بتایا کہ عمان (مسقط) میں انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے آج کی پہلی نشست میں عمان کے لئے دو ممبران کا انتخاب کیا گیا اور جناب سہیل ائیکری اور جناب محمد قمر مرچنٹ کو انتظامیہ میں شامل کیا گیا۔
اسی طرح انجمن کی نئی شق کے مطابق نومنتخب مجلس انتظامیہ نے عہدیداران کے انتخاب سے قبل اپنےاولین اجلاس میں دس اراکین کا انتخاب کیا جن کے نام اس طرح ہیں: بھٹکل سے پانچ اراکین۔ ایڈوکیٹ ایس ایم تمیم، ڈاکٹر یحیٰ عسکری، شفیع شاہ بندری پٹیل، تنویر کاسرکوڈ اور یحیٰ دامودی، اسی طرح بیرون بھٹکل سے پانچ اراکین: مُعیز معلم (دبئی)، انجم کولا (دبئی)، ارشد ایس ایم (مینگلور)، ارشد کاڈلی (دمام) اور ریحان کوبٹے (جدہ)
جناب اسحاق شاہ بندری نے بتایا کہ انجمن کی اگلی نشست انشاء اللہ اگلے سنیچر یعنی 22فروری کو منعقد کی گئی ہے جس میں صدر اور جنرل سکریٹری سمیت دیگر عہدیداران کا انتخاب ہوگا۔ جس کے بعد نو منتخب صدر کو مزید تین اراکین کو منتخب کرکے انتظامیہ میں شامل کرنے کا اختیار ہوگا۔