اُترکنڑا کے کلاکار اور قلم کار توجہ دیں؛ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشان حال لوگوں کو فراہم کی جائے گی مالی امداد
بھٹکل 21/اپریل (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے مالی طور پر کمزورقلمکاروں اور فنکاروں کو 2ہزا ر روپے مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر دفتر سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فی کس 2ہزار روپے کی مالی امداد کھاتے میں جمع کردی جائے گی۔ قلمکاروں اور فنکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بینک کھاتے کا نمبر آئی ایف ایس سی کوڈ، آدھار کارڈ اور راشن کارڈ کی نقل محکمہ کے موبائل نمبر 7019098292پر وہاٹس ایپ کے ذریعے روانہ کریں۔
اعلامیہ میں کنڑا و ثقافت محکمہ کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی ایچ نٹراج نے مالی طور پر پریشان حال فنکاروں اور قلمکاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بینک کھاتے کی تفصیلات مذکورہ محکمے کو فراہم کریں۔ضرورتمند فنکاروں سے سختی کے ساتھ کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی حالت میں ذاتی طور پر محکمہ کے دفتر میں آنے کی کوشش نہ کریں۔ محکمے کی طرف سے جن لوگوں کو ماہانہ وظیفہ پہلے سے دیا جارہا ہے، وہ لوگ اس امداد کے لئے مستحق نہیں ہونگے۔بلکہ وہ فنکار اور قلمکار جو گزشتہ دس برسوں سے ادب اور فن کی خدمات انجام دے رہے ہوں اور آمدنی کا ذریعہ نہ ہونے کی وجہ سے مالی مشکل کا شکار ہوگئے ہوں، وہی اس امداد کے لئے مستحق ہونگے۔
اعلامیہ میں اس بات کی تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ اگر کوئی غلط معلومات فراہم کرکے یہ امداد پانے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف ڈیسیاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔