قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کا پہلا اَپ سیٹ، سعودی عرب نے ارجنٹائن کو2-1 سے دی شکست؛ شائقین میں زبردست جوش و خروش

قطر 22 نومبر (ایس او نیوز) دوحہ قطر میں جاری فیفا وڑلڈ کپ 2022 میں گروپ سی کے ایک افتتاحی میچ میں سعودی عرب کی ٹیم نے ورلڈ کپ کی فیوریٹ سمجھی جانے والی ارجنٹائن کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔
سعودی عرب کے کھلاڑیوں نے اس میچ میں شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ پیش کیا بالخصوص سالم الدوسری نے دوسرے ہالف کے آغاز میں گول کرکے اپنی ٹیم کودوایک کی برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اس سے چند منٹ قبل صالح الشہری نے ارجنٹائن کے اسٹارلیونل میسی کے پینلٹی پر کیے گئے گول کے جواب میں گول کرکے میچ ایک ،ایک سے برابر کردیا تھا۔ پہلے ہالف میں لینڈرو پریدے کو باکس کے اندر فاؤل کیا گیا تھا جس کی بناپرارجنٹائن کو پینلٹی کک ملی تھی۔جنوبی امریکی ٹیم نے پہلے ہالف میں مزید تین گول اسکور کیے تھے لیکن وہ تینوں آف سائیڈ کالزکے بعد مسترد کردیے گئے تھے۔
ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے دوسرے ہالف میں میچ برابرکرنے کی پوری کوشش کی لیکن سعودی گول کیپرمحمد الاویس کی شاندار کارکردگی کی بدولت وہ کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔
قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سپر اسٹار لیونل میسی اور ان کی ٹیم اس شکست پر ہکے بکے دکھائی دئے۔ ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ارجنٹائن کو 1990ء میں کیمرون کے ہاتھوں شکست کے بعد پہلی بار ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب کی ٹیم اور شائقین اس جیت پر بھرپور جشن منا رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ سعودی عرب کی ٹیم نے ارجنٹائن کو شکست دی ہے۔
میچ کے آغاز کے دسویں منٹ میں لیونل میسی نے اپنی ٹیم کی جانب سے پہلا گول کر کے میچ پر برتری حاصل کی تھی اور بہ ظاہر یہ میچ پوری طرح ارجنٹائن کی گرفت میں لگ رہا تھا۔ یہ بات اہم ہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم گزشتہ 37 مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے کے ریکارڈ کو توڑنے کے لیے پرعزم انداز سے میدان میں اتری تھی۔
تاہم میسی اور مارٹینس دو مرتبہ مضبوط دفاعی لائن کے حربے کی نظر ہو گئے اور ان کے کئے گئے گول آف سائیڈ ہونے پر رد کر دیے گئے۔ ارجنٹائن نے میچ کے 48 ویں منٹ پر اس وقت اپنی برتری کھو دی، جب سعودی کھلاڑی صالح الشہری نے گول کر کے اپنی ٹیم کو ارجنٹائن کے برابر لا کھڑا کیا۔
میسی اور ان کی ٹیم اس وقت ہکا بکا رہ گئی، جب سالم الدوساری نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔ یہ بات اہم ہے کہ ارجنٹائن دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے جب کہ سعودی عرب عالمی فہرست میں 51ویں نمبرکی ٹیم ہے۔ اس میچ کی ایک اور خاص بات سعودی گول کیپر کی زبردست پرفارمنس تھی، جو متعدد یقینی گول کو روکنے میں کامیاب رہے۔
عرب دنیا اور وسیع تراسلامی دنیا کے فٹ بال شائقین سعودی عرب کی غیرمتوقع کارکردگی اورشاندار فتح پر بے پایاں خوشی کا اظہار کررہے ہیں، اس مقصد کے لیے انھوں نے سوشل میڈیا سائٹس کا سہارا لیتے ہوئے سعودی ٹیم کی بھرپور تعریف کررہے ہیں۔
میچ ختم ہونے کے فوری بعد سعودی عرب کی جانب سے دوسرا گول کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی ، اس ویڈیو کی خاص بات عربی میں ہونے والی کمنٹری ہے۔ کمنٹیٹر کا جوش و جذبہ سننے سے تعلق رکھتا ہے اور لوگ اسے کافی پسند کر رہے ہیں۔
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے میچ کے بعد ٹویٹ کرتے ہوئے سعودی عرب کے گرین فالکنز کو مبارک باد پیش کی ہے اور انھیں ’’فتح کا مستحق‘‘قراردیتے ہوئے ان کی ’’جارحانہ کارکردگی‘‘ کی تعریف کی ہے۔
سعودی عرب چھٹی مرتبہ فٹ بال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہا ہے جبکہ ارجنٹائن کی ٹیم 18ویں مرتبہ عالمی کپ کھیل رہی ہے۔وہ 1978 اور 1986 میں دو مرتبہ فٹ بال عالمی کپ کی فاتح رہ چکی ہے۔
سعودی عرب کی ارجنٹائن کے خلاف اپنے افتتاحی میچ میں فتح اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس سال پہلی مرتبہ مشرقِ وسطیٰ کے کسی ملک میں فٹ بال عالمی کپ کھیلا جارہا ہے۔اس بنا پر عرب شائقین کا جوش وخروش قابل دید ہے۔
بتاتے چلیں کہ ارجنٹائن کے کھلاڑی میسی نے کہا تھا کہ قطر فیفا ورلڈ کپ ان کے سفر کی آخری منزل ہے جہاں سے وہ ورلڈ کپ جیتنے کا خواب پورا کریں گے، مگر پہلے ہی میچ میں ان کی ٹیم کو سعودی کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی ٹیم گروپ سی میں ہے جس کے ساتھ ارجٹنائن، میکسیکو اور پولینڈ ہیں۔