جانوروں پر حکومت کی مہربانی۔اب دوپہر 12تا3بجے کے دوران رہے گی کھیتی باڑی کی مشقت پر پابندی
کاروار 26/جون (ایس او نیوز) کھیتی باڑی اور دیگر محنت و مشقت کے کاموں میں استعمال ہونے والے مویشیوں پر ریاستی حکومت نے بڑے مہربانی دکھاتے ہوئے ایک سرکیولر جاری کیا ہے کہ گرمی کے موسم میں تپتی دھوپ کے دوران دوپہر 12سے 3بجے تک کسان اپنے جانوروں کو کھیت جوتنے یا دوسرے مشقت کے کاموں میں استعمال نہیں کرسکیں گے۔
انٹرنل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تمام اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹس کے نام جاری کردہ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی وجہ سے جس طرح انسانوں کو تکلیف ہوتی ہے اور وہ بے حال ہوجاتے ہیں اسی طرح جانوروں کو بھی ایسی کیفیات سے گزرنا پڑتا ہے۔ کڑی دھوپ کے وقت ان کو بھی آرام اور سایہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے اب کسانوں کو دوپہر کی دھوپ میں جانوروں سے مشقت کا کام لینے سے باز رکھنا ہوگا۔ اور جو لوگ بھی اس حکم کی خلاف ورزی کریں ان پر قانونی کارروائی کی جائے۔
حکومت کے اس حکم پر کھیتی باڑی سے متعلقہ افراد نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرکسانوں کوزرعی مقاصد کے لئے اپنی آسانی کے مطابق جانوروں سے کام لینے سے روکا جائے گا تو کھیتی باڑی اور کسانوں کی زندگی پر اس کے برے اثرات ہونگے اور اس کا خمیازہ کسانوں کا بھگتنا پڑے گا۔ اس لئے حکومت کو اس قانون پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔