کسان تحریک:شرد پوار نے بائیں بازو کے لیڈران سے ملاقات کی
نئی دہلی، 11 جنوری (آئی این ایس انڈیا) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے پیر کے روز بائیں بازو کے لیڈران سیتارام یچوری اور ڈی راجہ سے کسانوں کے جاری موجودہ احتجاج پر تبادلہ خیال کیا۔
سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے کہاکہ ہم نے سپریم کورٹ کے حکم پر غیر رسمی گفتگو کی لیکن کسانوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کیا کریں، انہیں اس کا جواب دینا ہوگا، ہم ان قوانین کے خاتمے کے مطالبے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پوار کی رہائش گاہ پر یہ آج ملاقات ہوئی، جب کہ عدالت عظمی کی بنچ نے سماعت کے دوران مرکزپر برہمی کا اظہار کیا اور یہاں تک کہ اشارہ بھی دیا کہ حکومت اگر قوانین پرروک نہیں لگاتی ہے تو وہ ان پر روک لگا سکتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ اب وہ اس تنازعہ کا حل تلاش کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے گی، تاہم کسان لیڈران کا کہنا تھا کہ جب تک اس قانون کو منسوخ نہیں کیا جاتا وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ راجہ نے کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ انہوں نے بیان جاری کیا ہے، ہم تبصرہ کرنے سے پہلے ان کے جواب کا انتظار کریں گے۔