بھٹکل،15؍ستمبر (ایس او نیوز)پچھلے دنوں کاروار کے پولیس سب انسپکٹر کےنام سے فیس بک پر جعلسازوں نے نقلی پیج بناکر پی ایس آئی کے جانکاورں سے رقم وصول کرنے کوشش کی تھی اور اس کے خلاف سائبر کرائم پولیس میں شکایت بھی درج کروائی گئی تھی۔ اس کا نتیجہ کیا ہواابھی اس کی تفصیل معلوم نہیں ہوئی ہے۔
اس دوران پتہ چلا ہے بھٹکل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نکھل بولاور کے نام سے بھی جعلسازوں نے فیس بک پراکاؤنٹ بنالیااور رقم وصو ل کرنے کی ساز ش تیار کرلی۔بتایا جاتا ہے کہ اے ایس پی نکھل کے اصلی فیس بک اکاؤنٹ میں موجود ان کے دوستوں کی فہرست سے کچھ نام چن کر جعلسازوں نے ان لوگوں کو مسینجر کے ذریعےپیغام بھیجا کہ مجھے ایک بہت ہی اہم کام درپیش ہے اور اس کے لئے ارجنٹ کچھ رقم کی ضرورت ہے۔ اگر آپ مجھے یہ رقم ابھی دیں گے تو اسے کل ہی واپس لوٹا دوں گا۔
اس مسیج کے جواب میں نکھل کے ایک واقف کار نے مسیج بھیجا کہ میری تنخواہ نہیں ملی ہے، جب تنخواہ ملے گی تو میں ضرور تمہیں رقم دے دوں گا۔ مگر جعلساز وں نے اس کا پیچھا نہ چھوڑنےکے انداز میں پھر مسیج بھیجا کہ اس وقت تمہارے پاس کتنی رقم موجود ہے۔ اس پر اس شخص نے کہا کہ اس وقت تو صرف 200روپے ہیں۔ اتنا سن کر وہ جعلساز خاموش ہوگئے۔
یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اے ایس پی نکھل بی نے اپنے اصلی فیس بک اکاؤنٹ سے دوستوں کو پیغام دیا ہےکہ میرے نام سے کوئی رقم وصول کرنے کی کوشش کررہا ہے ، اس لئے کوئی بھی اس کے مسیج کا جواب بالکل نہ دیں۔