روس کےسفر کےلئے پیدل نکلا ناگپور کا حوصلہ  مند نوجوان؛ بھٹکل پہنچ کر کہا؛ انسانیت ابھی زندہ ہے، جیئو اور دوسروں کو جینے دو کا پیغام

Source: S.O. News Service | By Abu Aisha | Published on 19th October 2021, 6:23 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل:19؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)دنیامیں کئی لوگ مختلف شوق  کے ذریعے  کارنامہ انجام دینے کے جذبات  لے کر کچھ نہ کچھ کرتےرہتےہیں۔ مگر یہاں ایک نوجوان کا حوصلہ دیکھئے کہ پچھلے ایک سال سے  پیدل سفر کرتے ہوئے بھارت کا دورہ کررہاہے اور اس کی منزل روس  کے سائبیریا  پہنچنا ہے اور ان کا مقصد ہے کہ زمین کے سب سے سرد علاقے اوئے میاکون پہنچنا ہے۔

ریاست مہاراشٹرا کے ناگپور کا باشندہ حوصلہ مند نوجوان  روہن اگروال (19) جیب میں ایک روپیہ لئے بغیر ملک بھر کی سیر کرنے کے بعد دنیا کی سیر کا ارادہ رکھتاہے۔ 25 اگست   2020کو گھر چھوڑ کر واراناسی پہنچا اور وہاں سے  دیشانتنم یاترا پر نکل پڑا۔ 14مہینوں میں روہن راجستھان ، ہریانہ ، دہلی ، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش ، چنڈی گڑھ ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹرا، آندھرا پردیش ، تمل ناڈو، پانڈیچیری ، کیرلا اور کرناٹک کا پیدل سفر مکمل کرچکاہے۔ کرناٹک کے منگلورو اور  اُڈپی کے بعد منگل دوپہر کو  بھٹکل   پہنچا اور مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ اخبارنویسوں کے سامنے اپنے تجربات اور مقاصد کو بیان کیا۔

بھٹکل شمس الدین سرکل پر روہن   اگروال کے استقبال کے لئے بھٹکل کے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے  رکن عنایت اللہ شاہ بندری سمیت اُترکنڑا ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ، ساحل آن لائن کے نمائندے مبشر حُسین ہلارے، بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر دیواکر سمیت کرناٹک رکشھنا ویدیکے و دیگر اداروں کے ذمہ داران موجود تھے۔

روہن نے بتایا کہ میرا ارادہ سائبیریا (روس)  پہنچنا ہے، لیکن اس کے لئے میرے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ہر دن 20-30کلومیٹر کا سفر پیدل طئے کرتاہوں۔ چند ایک بار سواریوں کو ہاتھ بتا کر 50-100کلومیٹر کا سفر بھی پورا کرتاہوں۔ سائیبریا پہنچنے کےلئے 8-10برس لگ سکتےہیں لیکن مجھے یقین اور اعتماد ہے کہ میں یہ سفر پیدل ضرور طئے کرونگا۔ ملک گھومنے کے بعد بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، میانمار، تھائی لینڈ، کامبوڈیا ، لاؤس، ویتنام،   چین، منگولیا ، روس اور سائبیریا پہنچ کر وہاں سے اوئے میاکون نامی دنیا کے سب سے سرد علاقے کوپہنچوں گا۔

روہن نے بتایا کہ شری رام چندر، حضرت عیسیؑ، پیغمبر حضرت محمد ٔ ، گوتم بدھ ، وویکانند سبھی نے ملک ملک  گھومتے ہوئے اپنا پیغام  پہنچایاہے۔ ہندو دھرم کےمشہور مقامات بدری ناتھ، دوارکا، رامیشور اور پوری جگناتھ کی منادر چار رخ پر واقع ہیں۔ہمارا ملک  مختلف دھرموں، اعتقاد وں ، تہذیبوں پر مشتمل ہے ان سب کو آنکھوں سے دیکھتے ہوئے تجربہ کرنے کا مقصد لے کر پیدل سفر پر نکل پڑا ہوں۔

میرے والد کی چھوٹی سی دکان ہے ماں گھر سنبھالتی ہےاور بہن چھٹی کلاس میں زیرتعلیم ہے۔ وہ سب ہندو ہیں اور میں بھگوان پر وشواس رکھتاہوں لیکن دھرم پر ایمان نہیں ہے ہرایک کی عزت و احترام کرتاہوں۔ بی کام دوم میں تھا تو میں نے تعلیم چھوڑ دی، میرے پیدل سفر کے لئے گھر والے تیار نہیں تھے، آخر کار انہیں منوا کر گھر سے نکلا ہوں۔

میں نے آن لائن سے کمائے ہوئے 2500روپئے ، چند کپڑے ، دو پاور بینک، پانی کی بوتل، موبائیل فون،مناظر کو قید کرنےکےلئے ٹائیپوڈ لے کر نکلا ہوں۔ لوگ میرے سفر سے متاثر ہوکر  محبت سے  کئی ساری  چیزیں دیتےہیں تو میں لے لیتا ہوں اور پھر جنہیں ضرورت ہوتی ہے انہیں دے کر چلتا رہتاہوں، مزید بتایا کہ  میں کسی سے کوئی چیز نہیں مانگتا۔

روہن نے بتایا کہ صبح 8بجے رات 9بجے تک چلتارہتاہوں۔ مندر، مسجد، چرچ ، گرودوارا جو بھی ملے وہاں رات بسر کرتاہوں۔ فن ، فنکاری ، ثقافت، تہذیب وغیرہ کو درج کرلیتاہوں۔ پولس اسٹیشن اور اسپتال میں بھی رات بسر کیاہوں تو وہیں چند لوگوں نے اپنے گھروں میں پناہ دیتےہوئے کھانےپینے کی چیزیں بھی دی ہیں۔

’’ہردن چلتے رہنا میری زندگی ہے۔ راستے ، سڑکیں ہی میری یونیورسٹیاں ہیں۔ عوام اور ماحول ہی میرے استاد ہیں۔ روزانہ ان سے کچھ نہ کچھ سیکھتارہتاہوں۔ مجھےابتداء میں صرف انگریزی ، ہندی ، مراٹھی زبانیں معلوم تھیں ، اب میں راجستھانی ، پنجابی ، ملیالی ، اترکھنڈی بھی سمجھ لیتاہوں۔ سائبیریا پہنچنا میری منزل ہے کتنے سال لگیں گے پتہ نہیں ‘‘

 

ایک نظر اس پر بھی

اُتر کنڑا میں نریندرا مودی  کا دوسرا دورہ - سرسی میں ہوگا اجلاس - کیا اس بار بھی اننت کمار ہیگڑے پروگرام میں نہیں ہوں گے شریک ؟

لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی امیدوار کی تشہیری مہم کے طور وزیر اعظم نریندرا مودی ریاست کرناٹکا کا دورہ کر رہے ہیں جس کے تحت 28 اپریل کو وہ سرسی آئیں گے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نریندرا مودی نے اسمبلی الیکشن کے موقع پر اتر کنڑا کا دورہ کیا تھا ۔

دکشن کنڑا میں آج ختم ہو رہی عام تشہیری مہم - نافذ رہیں گے امتناعی احکامات - شراب کی فروخت پر رہے گی پابندی

دکشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن کی طرف سے جاری کیے گئے احکامات کے مطابق لوک سبھا الیکشن سے متعلق عوامی تشہیری مہم اور اجلاس وغیرہ کی مہلت آج شام بجے ختم ہو جائے گی جس کے بعد 48 گھنٹے کا 'سائلینس پیریڈ' شروع ہو جائے گا ۔

بھٹکل کا کھلاڑی ابوظبی انڈر۔16 کرکٹ ٹیم میں منتخب؛

بھٹکل کے معروف اور مایہ ناز بلے بازاور کوسموس اسپورٹس سینٹر کے سابق کپتان ارشد گنگاولی کے فرزند ارمان گنگاولی کو ابوظبی انڈر۔ 16 کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو جلد منعقد ہونے والے انڈر 16  ایمریٹس کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

اتر کنڑا لوک سبھا سیٹ کے لئے میدان میں ہونگے 13 امیدوار

ضلع اتر کنڑا کی لوک سبھا سیٹ کے لئے پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ تک کسی بھی امیدوار نے اپنا پرچہ واپس نہیں لیا جس کے بعد قطعی فہرست کے مطابق جملہ 13 امیدوار مقابلے کے لئے میدان میں رہیں گے ۔  اس بات کی اطلاع  ڈسٹرکٹ الیکشن آفسر اور اُترکنڑاڈپٹی کمشنر گنگوبائی مانکر نے ...