متحدہ عرب امارات، ہولناک ٹریفک حادثہ، خاتون جاں بحق
دبئی،9نومبر(آئی این ایس انڈیا) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئیں۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں کار حادثے کے نتیجے میں 42 سالہ اماراتی خاتون جاں بحق اور ان کی بہن زخمی ہوگئیں۔ڈائریکٹر راس الخیمہ ٹریفک پولیس کرنل احمد النقبی کے مطابق 38 سالہ زخمی خاتون حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔راس الخیمہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا جس کے سبب گاڑی پول سے جاٹکرائی۔رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق خاتون کی لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ڈرائیورز ٹریفک کے قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں اور رفتار کی حد کا خیال رکھیں۔واضح رہے کہ رواں سال جون میں دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں شارجہ میں سوڈانی سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔