سعودی عرب اور مصر کی مشترکہ بحری مشق’مرجان-16‘ کا انعقاد
قاہرہ،22جنوری(آئی این ایس انڈیا)مصر کے شہر سفاجا میں ’مرجان - 16‘ کے نام سے بحری مشق کا آغاز ہو گیا ہے۔ مشق میں مصر اور سعودی عرب کی بحریہ شریک ہے۔ مشق کے آغاز کے موقع پر بحر احمر کے بحری اڈے کے کمانڈر میجر جنرل اسٹاف حازم حامد بھی موجود تھے۔سعودی خبر رساں ایجنسی ایس اے پی کے مطابق یہ مشق دو مرحلوں میں تقسیم ہے۔ سعودی عرب کی بحریہ جہازوں، طیاروں اور بحریہ کے اسپیشل سیکورٹی یونٹس کے ساتھ مشق میں شرکت کر رہی ہے۔ بحری مشق کا آغاز پیر کے روز ہوا تھا اور یہ دس روز جاری رہے گی۔
اس سے قبل مذکورہ بحری مشق کا آخری ایڈیشن ’مرجان - 15‘ سعودی عرب میں مغربی بیڑے میں منعقد ہوئی تھی۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان سابقہ بحری مشقوں کے سلسلے کی کڑی ہے۔اس مشق کا مقصد لڑائی کے لیے مستعد رہنے کی صلاحیت میں اضافہ، تجربات کا تبادلہ، لڑائی کی منصوبہ بندی میں پیشہ وارانہ بنیادوں پر مہارت کا حصول اور سعودی رائل نیوی اور مصری بحریہ کے درمیان مختلف تربیتی شعبوں میں تعاون کو مضبوط تر بنانا ہے۔