اقتصادی بحران پر حکومت کی خاموشی خطرناک: پرینکا گاندھی
نئی دہلی،05 /ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے معیشت میں سست روی اور گاڑیوں کی فروخت میں کمی کو لے کر جمعرات کو نریندر مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے دعوی کیا کہ بحران پر حکومت کی خاموشی خطرناک ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیان بازی اور افواہیں پھیلانے سے کام نہیں چلے گا بلکہ ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔پرینکا نے کہاکہ کاؤنٹ ڈاؤن ہر دن بحران کی خبر اور ہر دن بی جے پی حکومت کی اس پر خاموشی دونوں ہی بہت خطرناک ہیں۔انہوں نے دعوی کیاکہ اس حکومت کے پاس نہ حل ہے نہ ہم وطنوں کو بھروسہ دلانے کی قوت ہے۔صرف بہانے بازی، بیان بازی اور افواہیں پھیلانے سے کام نہیں چلے گا۔کانگریس جنرل سکریٹری نے جو خبر شیئرکی ہے اس کے مطابق اگست مہینے میں ٹرکوں کی فروخت میں تقریبا 60 فیصد کی کمی آئی ہے۔