منگلورو : دبئی جانے والے طیارے سے پرندہ ٹکراگیا - پرواز منسوخ - مسافروں کے لئے متبادل انتظام
منگلورو ، 25 / مئی (ایس او نیوز) جمعرات صبح منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے دبئی کے لئے جو انڈیگو طیارہ اڑان بھرنے والا تھا اس کے پنکھ سے ایک پرندہ ٹکراگیا جس کے بعد طیارے کی پرواز منسوخ کردی گئی۔
منگلورو ایئر پورٹ کے افسران نے بتایا کہ فلائٹ 6E 1467 IXE-DXB کو صبح 8.25 پر اڑان بھرنا تھا ۔ جیسے ہی یہ طیارہ ٹیکسی وے سے رن وے کی طرف بڑھا تو عین ٹیک آف سے ذرا قبل 8.30 بجے ایک پرندہ آکر طیارے کے پنکھ سے ٹکرا گیا ۔ پائلٹ نے اس کی اطلاع ایئر ٹریفک کنٹرول کو دے دی اور پرواز کو منسوخ کرتے ہوئے طیارے کو 'ایپرن' میں واپس لے آیا ۔
جب یہ حادثہ پیش آیا طیارے میں 160 مسافر دبئی جانے کے لئے سوار تھے، پرواز منسوخ کرتے ہوئے ان سب مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا اور طیارے کی مفصل انجینئرنگ جانچ کو 'آن گراونڈ' قرار دیا گیا۔ بعد میں بنگلورو سے پہنچے ہوئے ایک دوسرے انڈیگو طیارے میں مسافروں کو 11.05 منٹ پر دبئی کے لئے روانہ کیا گیا۔ اسی کے ساتھ منگلورو فلائٹ 6E 5347 سے بنگلورو جانے والے جو 165 مسافر موجود تھے ان کی پرواز کے اوقات کو ری شیڈول کیا گیا۔