شاہ رخ خان بی جے پی میں شامل ہو تے ہی منشیات چینی بن جائے گی .این سی پی نےبی جے پی پرسادھا نشانہ،پوچھا ؛ گجرات بندرگاہ کے ڈرگس پرکیا کارروائی ہوئی؟
ممبئی25؍اکتوبر(آئی این ایس انڈیا) منشیات کے الزام میں جیل میں بند شاہ رُخ خان کے بیٹے آرین خان کے معاملے کو لے کر مہاراشٹرا کے وزیر چھگن بھجبل نے بی جے پی پرسخت وار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مشہور اداکار شاہ رُخ خان زعفرانی پارٹی میں شامل ہو جاتے ہیں تو منشیات چینی بن جائے گی۔
بھجبل نے الزام لگایا کہ گجرات کی موندرا بندرگاہ میں منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑی گئی، لیکن معاملے کی تحقیقات کرنے کے بجائے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو، جو کہ مرکزی ایجنسی ہے، شاہ رخ خان کے پیچھے پڑی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ گجرات میں پکڑی ہوئی کروڑوں روپئے کی منشیات کے معاملے میں اب تک کس طرح کی کاروائی کی گئی ہے ؟ سینئر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) لیڈر نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر شاہ رخ خان بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں، تو منشیات شوگر میں بدل جائیں گی۔