گانجا کے الزام میں گرفتار کنڑا فلمی اداکاروں کو مزید دو دن بنگلورو جیل میں گزارنا ہوگا
بنگلورو،20؍ستمبر(ایس او نیوز) منشیات مافیہ کے معاملے میں عدالتی حراست میں موجود کنڑا فلم انڈسٹری کی دو اداکارائیں راگنی اور سنجنا کی ضمانت کی عرضیوں پر سماعت این ڈی پی ایس خصوصی عدالت میں بروز پیر کو ہوگی۔
ان عرضیوں پر اعتراض کرتے ہوئے سرکاری وکیل رویندرا نے اس معاملے میں مزید تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کرنے ایک ہفتہ کی مہلت طلب کی لیکن سٹی سیول کورٹ احاطہ میں واقع این ڈی پی ایس عدالت کے جج جسٹس سینپا نے اس کے لئے دو دنوں کی مہلت دے کر ان عرضیوں پر اگلی سماعت 21ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔راگنی اورسنجنا کی ضمانت عرضی 21ستمبر تک ملتوی کردئے جانے سے دونوں اداکاروں کو مزید دودن پراپنااگراہارا جیل میں گزارنے ہوں گے۔
منشیات معاملہ میں گرفتار کی گئیں سنجنا کوپولیس تحویل میں دیا گیا تھا لیکن ان کے وکیل کی درخواست پر سنجنا کو بھی عدالتی تحویل میں دے دیا گیاہے۔اداکارہ راگنی کو سنجنا سے دودن قبل عدالتی تحویل میں دیا گیا تھا۔ان دو فنکاروں سمیت منشیات معاملہ میں اہم ملزمین بشمول روی شنکر،راہل دیگر ملزمین کو بھی عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔تمام ملزمین ضمانت کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔