بھٹکل 2؍ستمبر(ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کی نامور سماجی شخصیت، معروف معالج اور نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم کے سابق صدرڈاکٹرنذیر احمد خان صاحب(92) کا آج ڈانڈیلی میں انتقال ہوگیا ۔
ڈاکٹر صاحب بہت ہی مقبول معالج ہونے کے علاوہ ضلع کے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ فکر منداور سرگرم رہتے تھے۔ مختلف سماجی تنظیموں سے آپ وابستہ تھے اور جناب عمر شیخ مرحوم کی قیادت میں نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم کے قیام میں آپ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔فورم کے فاونڈر ایکزیکٹیو رکن رہنے کے علاوہ ایک میعاد کے لئے آپ نے فورم کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی تھی۔ آپ ایک سلیقہ مند ،انتہائی مہذب اور قائدانہ شخصیت کے حامل تھے ۔آپ کا شمار ضلع کی دانشور شخصیات میں ہوتا تھا۔
رات قریب نو بجے ان کی تدفین ہوگی۔انہوں نے اپنے پیچھے بیوہ ، ایک بیٹا اور دو بیٹیوں کو چھوڑا ہے۔ بیٹا دہلی میں رہتا ہے جبکہ چھوٹی بیٹی بھی والد کی طرح ہی ڈاکٹر ہے اور ان کے ساتھ ہی پریکٹس کرتی تھی۔
آپ کی رحلت پر نارتھ کینرامسلم یونائٹیڈ فورم کے صدر جناب امتیاز شیخ، جنرل سیکریٹری جناب محسن قاضی، جناب بستی ملک، جناب شیخ علی، جناب سید محی الدین برماور، ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ ، جناب یحییٰ دامودی اور ضلع کے دیگر ذمہ داران نے گہرے رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے آپ کے انتقال کو قوم و ملت کا ایک بڑا خسارا قرار دیا ہے اور اللہ سے دُعا کی ہے مرحوم ڈاکٹر خان صاحب کی بال بال مغفرت فرمائے ۔آپ کی خدمات کو شرف قبولیت بخشے اورجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے سرفراز فرمائے۔ اٰمین