ورلڈ کپ 2019: سہواگ نے بتایا آخر کیوں دھونی کا ٹیم میں ہونا ضروری ہے
نئی دہلی ،27؍ مارچ(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ اگلے سال انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے ورلڈ کپ ٹونارمنٹ کو ہندوستانی ٹیم اسی وقت جیت سکتی ہے، اگر نوجوان کھلاڑیوں کو مہندر سنگھ دھونی کی رہنمائی میں تربیت دی جائے۔سہواگ نے کہا کہ دھونی کی کارکردگی اور حکمت عملی کی بدولت ہندوستان نے 2011 میں ورلڈ کپ کا خطاب جیتا تھا۔سہواگ نے کہاکہ ایک نوجوان کھلاڑی کے طور پر میں نے اپنا پہلا ورلڈ کپ ٹونارمنٹ سوربھ گانگولی، سچن تندولکر، راہل دراوڑ اور انل کمبلے کے ساتھ 2003 میں کھیلا تھا۔یہ سب میری مدد کر رہے تھے۔سہواگ نے کہاکہ اس وقت ہندوستانی ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے پاس دھونی جیسے اچھے سینئر کھلاڑی ہیں، جو ان کی رہنمائی کر سکتے ہیں اور انہیں 2019 ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے تربیت دے سکتے ہیں۔سال 2011میں ہوئے ورلڈ کپ میں اپنے تجربے کے بارے میں سہواگ نے کہاکہ اس ٹونارمنٹ سے دو سال پہلے ہماری ٹیم کی ایک میٹنگ ہوئی تھی جہاں ہم نے یہ فیصلہ لیا تھا کہ ہم اس ورلڈ کپ کے ہر میچ کو ناک آؤٹ میچ کی طرح کھیلیں گے ۔اگر ہم ہارے تو سمجھوہم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ۔ہم نے اس کے تمام میچ جیتے اور فائنل میں پہنچے۔اسی طرح ہم نے تیاری کی تھی۔