دہلی-این سی آر میں موسم کی تبدیلی: اگلے ہفتے مسلسل بارش کا امکان
نئی دہلی، 10/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) خلیج بنگال میں ایک نیا موسمی نظام دہلی میں بارش کا باعث بننے والا ہے۔ موسمیاتی ایجنسیوں کے مطابق، خلیج بنگال کے اوپر ایک کم دباؤ والا علاقہ بن چکا ہے۔ جب یہ نظام زمین پر آگے بڑھے گا، تو یہ ملک کے وسطی حصے سے گزرتے ہوئے دہلی کے قریب پہنچے گا۔ اس کی وجہ سے مانسون ٹرف دہلی کے قریب آجائے گی، جس کے نتیجے میں آئندہ ایک ہفتے تک اچھی خاصی بارش ہو سکتی ہے۔ بارش کی پیشگوئی کے تحت 11 اور 12 ستمبر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانکاری کے مطابق موسم کا مزاج اچانک بگڑنے والا ہے جس سے لوگوں کو موسلادھار بارش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ کی ویب سائٹ پر جاری اعداد و شمار کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ تک دہلی این سی آر کے لوگوں کو ایسے ہی سہانے موسم کا نظارہ دیکھنے کو ملنے والا ہے۔ این سی آر میں بارش ہونے کے امکان کے پیش نظر لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ حالانکہ آبی جماؤ اور دیگر وجوہات سے ان کی پریشانی بڑھ سکتی ہے کیونکہ بارش کے بعد یہاں کی سڑکوں کا حال بُرا ہو جاتا ہے اور سڑک جام کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دہلی کے کئی علاقوں خاص طور پر لُٹین زون میں بھی آبی جماؤ کا مسئلہ دیکھنے کو ملا ہے۔
محکمہ نے اگلے ایک ہفتے تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری تک گرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جس سے گرمی اور اومس سے این سی آر کے لوگوں کو کافی حد تک نجات مل جائے گی۔ یہاں کا درجہ حرارت 10 ستمبر کو زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری اور کم سے کم 25 ڈگری رہے گا، 12 اور 13 ستمبر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور یہ 31 ڈگری تک پہنچ جائے گا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری اور 13 ستمبر کو 23 ڈگری تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔ اس کے بعد اس میں رفتہ رفتہ اضافہ درج کیا جائے گا۔