ہائی کورٹ نے دھوکہ دہی کیس میں ’میک مائی ٹرپ‘ کے سی ای او کو طلب کئے جانے کے حکم پر روک لگائی
نئی دہلی، 17 جنوری (آئی این ایس انڈیا) دہلی ہائی کورٹ نے ایک وکیل کے ذریعہ دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں آن لائن ٹریول کمپنی میک مائی ٹرپ (ایم ایم ٹی) کے سی ای او دیپ کالرا کو طلب کرنے والی نچلی عدالت کے حکم پر روک لگادی ہے۔
جسٹس انو ملہوترا نے 3 مارچ 2020 کے نچلی عدالت کے حکم کو کالعدم قرار دینے کے لئے کالرا کی درخواست پر یہ عبوری ہدایت جاری کیا۔ ہائی کورٹ نے ایم ایل ٹی، اس کے سی ای او اور کمپنی کے ایک ملازم کے خلاف دھوکہ دہی کی شکایت درج کرنے والے وکیل کو بھی نوٹس جاری کیا اور کیس کی اگلی سماعت میں 10 فروری تک کالرا سے درخواست پر جواب مانگاہے۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ اس کیس کی اگلی سماعت 10 فروری کو ہوگی اور اس وقت تک نچلی عدالت کے حکم پر روک ہے۔ سینئر ایڈووکیٹ وکاس پہاوا نے کالرا کی جانب سے ہائی کورٹ کو بتایا کہ پولیس نے 2017 میں اس معاملے میں ایک ’کلوزر رپورٹ‘ درج کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ثبوت ناکافی ہیں اور وکیل کی شکایت تجارتی تنازع ہے۔ شکایت کنندہ کے وکیل نے پولیس میں دھوکہ دہی کی شکایت درج کروائی تھی، جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ایم ایم ٹی، اس کے سی ای او اور اس کے ایک ملازم نے اسے دھوکہ دینے کی سازش کی ہے۔