راکیش استھانہ کیس میں ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو مزید 4ماہ کی مہلت دی
نئی دہلی،یکم جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی ہائی کورٹ نے راکیش استھانہ کے خلاف جاری تحقیقات کو پورا کرنے کے لئے سی بی آئی کو چار ماہ کا اضافی وقت دیا ہے۔اس سے پہلے 11 جنوری کو ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو جانچ مکمل کرنے کے لئے 10 ہفتے کا وقت دیا تھا۔طے میعاد گزرنے کے بعد سی بی آئی نے اور وقت مانگنے کے لئے درخواست دائر کی تھی۔اس پر فیصلہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو اور چار ماہ کا وقت تفتیش مکمل کرنے کے لئے دیا ہے۔بتا دیں کہ گوشت کاروباری ستیش سنا سے دو کروڑ روپے رشوت لینے کے معاملے میں 15 اکتوبر کو سی بی آئی نے اس وقت کے خصوصی ڈائریکٹر راکیش استھانہ اور ڈی ایس پی دیویندر کمار کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔اس کے بعد یہ معاملہ ہائی کورٹ پہنچا اور کورٹ نے ایف آئی آر منسوخ کرنے کی استھانہ اور دیویندر کی مانگ کو مسترد کر دیا تھا۔ساتھ ہی سی بی آئی کو 10 ہفتوں کے اندر جانچ کرنے کا حکم دیا تھا۔ہائی کورٹ کی جانب سے وقت کی حد 24 مارچ کو ختم ہو گئی تھی۔اس کے بعد سی بی آئی نے کورٹ سے اضافی وقت مانگا تھا۔اس معاملے میں آج فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے چار ماہ کا اضافی وقت دیا ہے۔سی بی آئی کو چار ماہ میں تحقیقات ختم کرنا ہوگا۔اس سے پہلے عدالت نے کہا تھا کہ افسران کے خلاف سنگین الزامات ہیں، لہذا معاملے کی جانچ جلدی مکمل ہونی چاہیے۔راکیش استھانہ اور دیویندر کمار پر الزام ہے کہ انہوں نے حیدرآباد کے تاجر ستیش بابو سنا کو راحت دینے کے لئے رشوت لی تھی۔اس معاملے پر دونوں کے خلاف سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کی تھی،یہاں تک کہ ڈی ایس پی دیویندر کمار کو اس معاملے میں سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا،بعد میں نچلی عدالت سے ڈی ایس پی دیویندر کمار کو ضمانت مل گئی تھی۔